اسلام آباد(سب نیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیا نے پاکستان اور فرانس کے درمیان مضبوط کاروباری شراکت داری کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاحت، پائیدار انفراسٹرکچر، لگژری برانڈز، خوشبوں، کاسمیٹکس اور دیگر ویلیو ایڈڈ شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وسیع مگر بڑی حد تک غیر دریافت شدہ سیاحتی امکانات یورپی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مواقع فراہم کرتے ہیں۔وہ چیمبر ہاوس میں پاکستان بزنس فورم فرانس اینڈ یورپ کے 12 رکنی وفد سے خطاب کر رہے تھے، جس کی قیادت نائب صدر ڈاکٹر حمزہ تاج کر رہے تھے۔
صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ فورم کی جانب سے اقتصادی، تکنیکی، ثقافتی اور سیاحتی تعاون پر فوکس پاکستان اور فرانس کے درمیان باہمی خیرسگالی کو ٹھوس کاروباری مواقع میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان، پاکستان کے شمالی علاقہ جات اور دیگر قدرتی حسن سے مالا مال خطوں میں پائیدار سیاحت کے فروغ کے بے پناہ امکانات موجود ہیں۔ ان علاقوں میں ماحول دوست کاٹیجز، چھوٹے سیاحتی دیہات اور جدید ہاسپیٹیلٹی سہولیات کو سوئس اور فرانسیسی الپس کے کامیاب ماڈلز سے استفادہ کرتے ہوئے فروغ دیا جا سکتا ہے۔محمد ذکریا اکبر ضیا نے کہا کہ پاکستان پائیدار سیاحت، قدرتی وسائل کے مثر انتظام، ماحولیاتی تحفظ اور ہاسپیٹیلٹی کے شعبے میں فرانسیسی اور یورپی مہارت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ پاکستان بزنس فورم فرانس اینڈ یورپ کے نائب صدر ڈاکٹر حمزہ تاج، چیف آرگنائزر چوہدری محمد سلمان اسلم، سیکرٹری جنرل یاسر خان، پیٹرن اِن چیف ابراہیم محمد، ویلئیرز لے بیل کی میئر محترمہ جیدا تیختاخ، میئر آف کریل عمر یعقوب، محترمہ ملیکہ بلاد، محترمہ صائمہ بھٹی اور وفد کے دیگر اراکین نے پاکستان اور فرانس کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات پر روشنی ڈالی۔
وفد نے پاکستان بزنس فورم فرانس اینڈ یورپ اور آئی سی سی آئی کے درمیان قریبی ادارہ جاتی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں اداروں کے باہمی اشتراک سے ابھرتے ہوئے کاروباری مواقع کی نشاندہی، تشہیر اور ان سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے مثر اقدامات اٹھائے جا سکتے ہیں۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ نے اجلاس کی نظامت کی، جبکہ آئی سی سی آئی کی ایگزیکٹو ممبر محترمہ صدف عاصم عباسی، سابق صدر آئی سی سی آئی میاں شوکت مسعود اور دیگر شرکا نے سوال و جواب کی نشست میں حصہ لیا۔ تقریب میں آئی سی سی آئی کے نائب صدر محمد وقاص خان، ایگزیکٹو ممبران عمر حسین ملک، عباس ہاشمی، محمد اسرار مشوانی، شاہد عباسی، سید عمران بخاری، رانا استغار علی خان، مظہر حسین، محمد نعمان، محمد عارف، محمد فواد سہگل، محمد خورشید، محمد سہیل چوہدری، ملک راشد طفیل، محترمہ نگینہ خلیق اور کاروباری برادری کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔
