لندن (آئی پی ایس )شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن اپنی پہلی ملاقات کے 25 سال مکمل ہونے پر لندن سے دور خصوصی وقت گزارنے کی تیاری کررہے ہیں۔برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے رواں سال اپنے بڑے بیٹے شہزادہ جارج کے ایٹن کالج میں تعلیم کے نئے مرحلے کا آغاز بھی دیکھا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہی جوڑا اپنی پہلی ملاقات کی 25ویں سالگرہ کے موقع پر لندن سے باہر کسی پرسکون مقام پر ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارنے کا منصوبہ بنارہا ہے۔مطابق دونوں نے موسم گرما کی تعطیلات کے دوران بچوں کے ساتھ بھرپور وقت گزارا اور اب انہیں کچھ وقت ایک ساتھ گزارنے کی ضرورت ہے۔
شہزادہ جارج کے ایٹن کالج جانے اور شہزادہ لوئس کے موسم گرما کی تعطیلات کے بعد لیمبروک اسکول میں تعلیم دوبارہ شروع کرنے کے بعد ولیم اور کیٹ ایک خصوصی اور ضروری تفریحی دورے پر جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
دونوں کو یقین نہیں آرہا کہ ان کی پہلی ملاقات کو 25 سال گزر چکے ہیں، تاہم وہ اب بھی ایک دوسرے کے لیے وہی جوش محسوس کرتے ہیں جو پہلی ملاقات کے وقت تھا۔اگرچہ ابھی یہ واضح نہیں کہ شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کہاں جائیں گے، تاہم شاہی ذرائع کے مطابق دونوں کسی پرسکون کاٹیج میں کچھ وقت گزارنے کے لیے خفیہ طور پر روانہ ہوسکتے ہیں۔یاد رہے کہ شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی پہلی ملاقات 2001 میں اسکاٹ لینڈ کی یونیورسٹی آف سینٹ اینڈریوز میں ہوئی تھی، جہاں دونوں زیر تعلیم تھے۔
