ہومتازہ ترینایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ پر غیر قانونی کمرشل عمارتوں کیخلاف سی ڈی اے کا بلا تفریق آپریشن ، متعدد عمارتیں سیل

ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ پر غیر قانونی کمرشل عمارتوں کیخلاف سی ڈی اے کا بلا تفریق آپریشن ، متعدد عمارتیں سیل

اسلام آباد(سب نیوز)کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)کے بلڈنگ کنٹرول اینڈ ہاسنگ ونگ کی جانب سے اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ پر غیر قانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف بلا تفریق آپریشن ۔کارروائی کے دوران بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی، نان کنفرمنگ یوز اور فائر سیفٹی کے ناقص یا غیر موجود انتظامات کے باعث متعدد کمرشل عمارتیں سیل کر دی گئیں۔سی ڈی اے کے متعلقہ ونگ کی جانب سے کارروائی سے قبل عمارتوں کے مالکان اور متعلقہ افراد کو قانون کے مطابق نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔ نوٹسز میں دی گئی مہلت کی مدت ختم ہونے کے بعد غیر قانونی تعمیرات اور خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔

سی ڈی اے کے مطابق، ان کارروائیوں کا مقصد ایسی تمام کمرشل عمارتوں اور یونٹس کے خلاف قانونی اقدامات کرنا ہے جنہوں نے سی ڈی اے سے منظور شدہ بلڈنگ پلان حاصل نہیں کیا یا جن کی باقاعدہ منظوری، رجسٹریشن اور دیگر لازمی قانونی تقاضوں کی تکمیل نہیں کی گئی۔ ابتدائی جائزے کے مطابق بعض عمارتوں میں تعمیراتی نقشوں کی منظوری، فائر سیفٹی سرٹیفیکیشن اور دیگر لازمی ضابطہ جاتی تقاضوں کی خلاف ورزیاں پائی گئی ہیں۔اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ منصوبہ فیض آباد تا کورال تقریبا 9 اعشاریہ3 کلومیٹر طویل دو طرفہ تین رویہ کیرج وے کی تعمیر پر مشتمل ہے۔ اس منصوبے کا مقصد شہر میں ٹریفک کے بہا کو بہتر بنانا، شہریوں کو محفوظ اور بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا اور دارالحکومت اسلام آباد کی جدید ضروریات کے مطابق بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینا ہے۔سی ڈی اے دارالحکومت میں غیر قانونی تعمیرات، تجاوزات، بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزیوں اور نان کنفرمنگ یوز کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہا ہے۔

ایسی کمرشل عمارتیں اور یونٹس جنہوں نے سی ڈی اے سے بلڈنگ پلان کی باقاعدہ منظوری حاصل نہیں کی یا رجسٹریشن اور ریگولرائزیشن کے لازمی مراحل مکمل نہیں کیے، ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔سی ڈی اے کے مطابق، غیر قانونی اور نان کنفرمنگ یوز کی حامل عمارتوں کی وجہ سے سرکاری واجبات، منظوری فیس، ریگولرائزیشن فیس اور دیگر قانونی ادائیگیوں کی عدم وصولی کے باعث سرکاری خزانے کو مالی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ مزید برآں، فائر سیفٹی کے ناقص انتظامات شہریوں کی جان و مال کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتے ہیں۔سی ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ بلڈنگ کنٹرول اینڈ ہاسنگ ونگ کی جانب سے اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ پر نان کنفرمنگ یوز، غیر قانونی تعمیرات اور بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں قانون کے مطابق بلا تفریق کی گئیں۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ، تعمیراتی قوانین پر عمل درآمد اور اسلام آباد کے منظم و محفوظ شہری ماحول کو یقینی بنانا سی ڈی اے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔