بلوچستان کے ضلع خاران میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 7 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ردالفتنہ 3 کےتحت سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر خفیہ آپریشن کیا جس میں 7 دہشتگرد مارے گئے ۔
ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے جدید اسلحہ ، بھاری مقدارمیں گولہ بارود، جنگی سامان، 2 گاڑیاں اورموٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔
سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ٹھکانے بھی مکمل طور پر تباہ کر دیئے، سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ دہشتگرد خاران اور لجے میں لوٹ مار اور خودکش حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں ، آخری دہشتگرد کے خاتمے تک دہشت گردوں کا تعاقب جاری رہے گا۔
گزشتہ روز خضدار کے شور پرود کے پہاڑی سلسلے میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 10 دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔
سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشتگردوں کی موجودگی کے ممکنہ مقامات کی تلاشی کا عمل شروع کر دیا تھا۔
مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے خضدار کے شور پرود پہاڑی سلسلے میں فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
