ہومپاکستانوزیر داخلہ محسن نقوی کی اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر میں روسی، چینی سری لنکن ہم منصب سے ملاقاتیں

وزیر داخلہ محسن نقوی کی اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر میں روسی، چینی سری لنکن ہم منصب سے ملاقاتیں

نیو یارک(سب نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر الیگزینڈر ووچ کولوکولٹسیف ، چین کے وزیر مملکت و سربراہ سپشل سروس بیورو داخلہ لنگ ژیفینگ اور سری لنکا کے وزیر داخلہ آنند وجے پالا سے الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔ پاکستان اور روس کے وزرائے داخلہ نے پاک روس تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔انسداد منشیات، انسداد دہشت گردی ، سائبر کرائم اور پولیس کی مشترکہ مشقیں کرانے کے امور پر گفتگو کی گئی اور خطے خصوصا افغانستان میں دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف مشترکہ حکمت عملی پر بات چیت کی گئی۔دونوں وزرائے داخلہ نے دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لئے وزارت داخلہ کے درمیان ایم او یو کرنے پر اتفاق کیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے روسی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ ملاقات میں گزشتہ میٹنگ کے دوران کئے گئے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ افغانستان میں 25 سے زائد دہشت گرد تنظیمیں سرگرم ہیں اور ان انتہا پسند تنظیموں کا خاتمہ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ہمیں مل کر اس ناسور کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور چین کے وزیر مملکت داخلہ و سربراہ سپشل سروس بیورو لنگ ژیفینگ سے ملاقات میں انسداد دہشت گردی تعاون اور سٹریٹجک پارنٹر شپ کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔پاک چین وزرا نے داخلی سلامتی کے امور پر اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا۔بارڈر مینجمنٹ ، غیر قانونی امیگریشن اور انسداد منشیات کے حوالے سے باہمی معاونت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں کی فنڈنگ کو ہر سطح پر روکنے کی ضرورت ہے۔دہشت گردوں کی پشت پناہی اور فنڈنگ میں ملوث ممالک کے خلاف مل کر کام کرنا ہوگا۔چین کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کو مزید آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے سپشل پروٹیکشن پولیس فورس قائم کی ہے۔

دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے شہریوں کے درمیان عوامی روابط بہت اہم ہیں۔اس ضمن میں ویزا رجیم میں آسانی ضروری ہے۔ چینی وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انسداد دہشت گردی کے لئے ہمیں مل کر کام کرنا چاہئے۔ویزہ اور امیگریشن کے حوالے سے ایشوز کا جائزہ لیا جائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی اور سری لنکن ہم منصب آنند وجے پالا کی ملاقات میں انسداد منشیات کے حوالے سے موثر کوآرڈینیشن پر اتفاق کیا ۔دونوں وزرائے داخلہ نے پولیس ٹریننگ کے لئے باہمی تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیااورغیرقانونی امیگریشن اور جعلی پاسپورٹ پر سفر کرنے والے مسافروں کی روک تھام کیلئے اشتراک کار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔دونوں ممالک کے امیگریشن کے سربراہان اس ضمن میں فی الفور ایک دوسرے سے رابطہ کریں گے۔دونوں وزرائے داخلہ نے جرائم پیشہ افراد کے نیٹ ورکس اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے حوالے سے ایم او یو پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزرائے داخلہ نے دونوں وزارت داخلہ کے درمیان تعاون بڑھانے کے لئے جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا۔ملاقات میں ویزا سے متعلق ایشوز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔