اسلام آباد(آئی پی ایس )انگلش کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کی منسوخی پر معافی مانگ لی، چیئرمین این وٹمور نے کہا کہ فیصلے سے پاکستان سمیت کرکٹ فینز سے معذرت خواہ ہوں۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ این وٹمور نے پاکستان میں سیریز نہ کھیلنے کے فیصلے پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ مجھے افسوس ہے فیصلے سے پاکستان میں لوگ مایوس ہوئے، پاکستان کا دورہ نہ کرنے کا فیصلہ بورڈ کا تھا، فیصلے کے لئے کھلاڑیوں سے مشورہ نہیں کیا گیا تھا، سیزن کی مصروفیات کی وجہ سے ذہنی تندرستی کے لیے فیصلہ کیا گیا، بورڈ نے جو فیصلہ کیا وہ بہت مشکل تھا۔چیئرمین ای سی بی کا کہنا تھا کہ تفصیلات میں نہیں جاوں گا، سیکورٹی اور ویلفئیر کی ایڈوائس پر فیصلہ کیا گیا، ورلڈ کپ اور نیوزی لینڈ کے پاکستان سے جانے کے بعد فیصلہ جلد کیا گیا، فیصلے کی بنیادی وجہ کھلاڑیوں کی ویلفئیر ہی تھی، پاکستان کے ساتھ تعلقات نئے سرے سے بنانے ہیں، ہمیں 2022 کے دورے کے حوالے سے دوبارہ فوکس کرنا پڑے گا، پاکستان کے مشکور ہیں وہ گزشتہ برس انگلینڈ آئے، اگلے سال شیڈول ٹور کے حوالے سے جو ہو سکا ہم کریں گے۔دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے ردعمل میں کہا کہ انگلش بورڈ کی معذرت اور پاکستان کے دورے کا اعلان ہمارے موقفکی کامیابی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کرکٹ کے کھلاڑیوں، سفارت کاروں، انٹرنیشنل میڈیا اور ان تمام لوگوں کا شکریہ، جنہوں نے اس معاملے پر پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستان کی کرکٹ کے خلاف ایک اور سازش ناکام ہوئی۔
انگلش کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کی منسوخی پر معافی مانگ لی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔