ہومپاکستانرومانیہ کے سفیر ڈین اسٹوئنیسکو کی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات ،دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر گفتگو

رومانیہ کے سفیر ڈین اسٹوئنیسکو کی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات ،دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر گفتگو

اسلام آباد(سب نیوز)پاکستان میں رومانیہ کے سفیر جناب ڈین اسٹوئنیسکو نے آج قومی اسمبلی کے معزز اسپیکر جناب سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران سفیر ڈین اسٹوئنیسکو نے اسپیکر قومی اسمبلی کو پاکستان کے قومی ترانے کے پہلے کورل ورژن کا البم پیش کیا۔ رومانیہ نے پاکستان کو اس کے قومی ترانے کی پہلی مرتبہ پیشہ ورانہ کورل ترتیب اور تحریری موسیقی بطور تحفہ فراہم کی ہے۔

یہ تاریخی ثقافتی منصوبہ رومانیہ کے قومی چیمبر کوائر مادریگال مارین کانسٹنٹین نے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور ثقافتی تعاون کی علامت کے طور پر مکمل کیا ہے۔ملاقات میں رومانیہ اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، پارلیمانی سفارت کاری کو فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔سفیر رومانیہ نے امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی اہم سفارتی کوششوں اور مشرق وسطی میں جنگ بندی کے قیام میں اس کے تعمیری کردار کو سراہا، جبکہ آج مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے جا رہے ہیں۔سفیر ڈین اسٹوئنیسکو نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ رومانیہ اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات مکالمے، ثقافتی تبادلوں اور پارلیمانی روابط کے ذریعے مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔