اسلام آباد(آئی پی ایس) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ''نفرت انگیز بیانات کے انسداد کے عالمی دن'' کے موقع پر معاشرے میں رواداری، ہم آہنگی اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر سماجی یکجہتی، جمہوری اقدار اور پُرامن بقائے باہمی کو نقصان پہنچاتی ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان تنوع، بین المذاہب ہم آہنگی اور تمام برادریوں کے احترام پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ اسلام کی تعلیمات نفرت، تعصب اور امتیاز کو مسترد کرتی ہیں اور امن، ہمدردی، برداشت اور انسانیت کے احترام کا درس دیتی ہیں۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارلیمنٹیرینز، میڈیا، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی پر یہ اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ تقسیم اور نفرت کو فروغ دینے والے بیانیوں کی حوصلہ شکنی کریں اور مثبت، تعمیری اور بامقصد مکالمے کو فروغ دیں۔ انہوں نے غلط معلومات اور نفرت پر مبنی مواد کے تدارک کے لیے ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کی سینیٹ کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ قومی یکجہتی، شمولیت، رواداری اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ عدم برداشت اور نفرت کو مسترد کرتے ہوئے ایک پُرامن، باوقار اور باہمی احترام پر مبنی معاشرے کے قیام کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں۔