نئی دہلی (آئی پی ایس )امریکی محکم خارجہ کے مطابق سیکریٹری مارکو روبیو نے انڈین وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے گفتگو کی ہے اور دونوں رہنماں نے آبنائے ہرمز پر حالیہ واقعات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔بیان کے مطابق جے شنکر کے ساتھ گفتگو کے دوران روبیو نے روز دیا کہ تمام تجارتی جہاز فوری طور پر امریکی افواج کی ہدایات پر عمل کریں کیونکہ وہ آبنائے ہرمز میں امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
روبیو نے واضح کیا کہ امریکی ناکہ بندی کی خلاف ورزی اور ایرانی تیل کی غیر قانونی ٹرانسپورٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔گذشتہ روز اس رابطے کے بارے میں جے شنکر نے ایکس پر لکھا تھا کہ میں نے آج شام امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے بات کی۔ میں نے خلیج میں امریکی بحریہ کے حملوں پر انڈیا کا شدید احتجاج دہرایا جن میں تین انڈین ملاح ہلاک ہوئے۔ تجارتی جہاز رانی کے خلاف ایسے مہلک اقدامات کا کوئی جواز نہیں ہے۔
خیال رہے کہ انڈیا نے عمان کے ساحل کے قریب ایک آئل ٹینکر پر امریکی حملے میں تین انڈین ملاحوں کی ہلاکت کے معاملے پر سینیئر امریکی سفارت کار کو طلب کیا تھا۔جمعرات کے روز انڈیا کی وزارتِ خارجہ نے نئی دہلی میں امریکی سفارت خانے کے قائم مقام نائب سربراہ جیسن میکس کو طلب کیا تاکہ شدید احتجاج ریکارڈ کرایا جائے۔دریں اثنا انڈین ملاحوں کی ہلاکت کے بعد مودی حکومت کے ردعمل کو اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔
