Saturday, June 6, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومپاکستانبحریہ ٹاون کے ماریشس میں موجود 45لاکھ امریکی ڈالر مالیت کے بینک اکاونٹس منجمد

بحریہ ٹاون کے ماریشس میں موجود 45لاکھ امریکی ڈالر مالیت کے بینک اکاونٹس منجمد

اسلام آباد(سب نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب)نے منی لانڈرنگ کے خلاف کارروائی میں اہم پیشرفت کرتے ہوئے بحریہ ٹاون سے منسلک 45 لاکھ امریکی ڈالر مالیت کے بینک اکاونٹس ماریشس میں منجمد کر دیے ہیں۔نیب ذرائع کے مطابق ملزمان احمد علی ریاض اور مبشرہ علی ملک کے ماریشس میں واقع سلور بینک کے دو مشترکہ اکاونٹس کو احتساب عدالت کراچی کی منظوری کے بعد اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت منجمد کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اکاونٹس میں اس وقت تقریبا 45 لاکھ امریکی ڈالر موجود ہیں جن تک رسائی روک دی گئی ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بحریہ ٹاون کی جانب سے مبینہ طور پر حوالہ ہنڈی کے ذریعے جرائم سے حاصل ہونے والی رقوم پاکستان سے بیرون ملک منتقل کی گئیں۔یہ رقوم پہلے متحدہ عرب امارات پہنچائی گئیں اور بعد ازاں مختلف مالیاتی ذرائع استعمال کرتے ہوئے ماریشس منتقل کی گئیں، جہاں انہیں مشترکہ بینک اکاونٹس میں جمع کرایا گیا۔

ذرائع کے مطابق نیب نے وزارت خارجہ کے ذریعے متعلقہ حکام سے رابطہ کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ اینٹی منی لانڈرنگ قوانین کے تحت ان رقوم کی ضبطی اور پاکستان واپسی کے لیے اقدامات آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔نیب کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ادارے کے اس عزم کی عکاس ہے کہ غیر قانونی ذرائع سے حاصل کیے گئے اثاثوں کا دنیا بھر میں تعاقب کیا جائے گا اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے قومی دولت کی پاکستان واپسی کو یقینی بنایا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔