نیویارک (آئی پی ایس )پاکستان اور ورلڈ بینک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بیرونی معاشی دبا کے اثرات سے عوام کے کمزور طبقات کو محفوظ رکھنے کے لیے سماجی تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط اور مثر بنانا ناگزیر ہے۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر اپنی سفارتی و اقتصادی مصروفیات کا آغاز آج واشنگٹن میں ورلڈ بینک گروپ کی مینجنگ ڈائریکٹر (آپریشنز) اینابیردے سے اہم ملاقات کے ساتھ کیا۔
ملاقات میں وزیر خزانہ نے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور ترقیاتی ایجنڈے کے لیے ورلڈ بینک گروپ کی مسلسل معاونت کو سراہا اور ملک کی مجموعی معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔گفتگو میں مشرق وسطی میں جاری تنازع کے اثرات اور ان کے پاکستانی معیشت پر ممکنہ دبا سے نمٹنے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
ملاقات کے دوران کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔فریقین نے مختلف شعبوں میں حاصل ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے طے شدہ اہداف کے حصول کے لیے مسلسل اور مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی سے جڑے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی کی اہمیت اجاگر کی اور اس سلسلے میں ورلڈ بینک سے ایک جامع ماسٹر پلان کی تیاری میں تعاون کی درخواست بھی کی۔
