کراچی(آئی پی ایس )پاکستان سپر لیگ کے 21ویں میچ میں ایونٹ کی نووارد ٹیم حیدرآباد کنگز مین نے اپنی فتوحات کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے تین بار کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو باآسانی 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔ 154 رنز کا ہدف حیدرآباد نے 19ویں اوور میں محض 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے اس میچ میں ایونٹ کی نووارد ٹیم حیدرآباد کنگز مین نے 3 بار کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے حیدرآباد کنگز مین کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے ہیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے اوپنرز نے جارحانہ آغاز فراہم کیا، ڈیون کونوے اور سمیر منہاس کے درمیان 56 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم سمیر منہاس 22 رنز بنا کر محمد علی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
ڈیون کونوے نے 31 گیندوں پر 45 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی لیکن وہ بدقسمتی سے رن آٹ ہو گئے۔ مڈل آرڈر میں مارک چیپ مین نے 30 گیندوں پر 42 رنز بنا کر اسکور کو سہارا دیا، جبکہ محمد فائق نے 18 رنز بنائے۔حیدر علی (6)، فہیم اشرف (5)، کپتان کرس گرین (6) اور عماد وسیم (2) خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باعث یونائیٹڈ کی ٹیم بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی۔
حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے آخری اوورز میں آصف محمود نے تباہ کن بالنگ کا مظاہرہ کیا اور محض 2 اوورز میں 18 رنز دے کر 4 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ محمد علی نے بھی نپی تلی بالنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 26 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آٹ کیا، جبکہ گلین میکسویل نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں حیدرآباد کے اوپنر معاذ صداقت نے برق رفتار آغاز فراہم کیا اور محض 16 گیندوں پر 30 رنز بنا کر آٹ ہوئے۔ کپتان مارنس لبوشین نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 53 گیندوں پر 61 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو جیت کی دہلیز تک پہنچایا۔
صائم ایوب نے 26 گیندوں پر 35 رنز کی مفید اننگز کھیلی۔ آخری لمحات میں گلین میکسویل نے محض 9 گیندوں پر 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 21 رنز بنا کر میچ کو 11 گیندیں قبل ہی ختم کر دیا۔ اسلام آباد کی جانب سے فہیم اشرف اور کپتان کرس گرین نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
