اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ مذاکرات کے بعد مجموعی ماحول بہتر اور مثبت ہے، جبکہ ایک اور نشست کا امکان بھی موجود ہے۔اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان نے اس حوالے سے ایک بڑی سفارتی کامیابی حاصل کی ہے اور یہ سب اللہ تعالی کی مہربانی سے ممکن ہوا۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا عمل مکمل طور پر ختم نہیں ہوا بلکہ مختلف سطحوں پر رابطے جاری ہیں اور آئندہ بھی پیشرفت کی توقع ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے بعد کوئی منفی پیشرفت سامنے نہیں آئی، بلکہ صورتحال میں بہتری دیکھی جا رہی ہے، جس سے امید ہے کہ آئندہ نشست میں مزید مثبت نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں حالیہ کامیابیاں اہم ہیں، تاہم خطے کے فیصلے حالات اور ضرورت کے مطابق ہوتے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی کی رحمت پاکستان پر قائم رہے اور یہ سفارتی کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہوں۔
