اسلام آباد:(سب نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو سید پور میں مقامی آبادی کی بیدخلی اور ان کے مکانات مسمار کرنے سے روکنے کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
عدالت عالیہ کے جسٹس انعام امین منہاس کی سربراہی میں جاری ایک صفحے پر مشتمل حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ سی ڈی اے آئندہ سماعت تک درخواست گزاروں کی جائیدادوں کو نہ مسمار کرے اور نہ ہی سیل کرے۔
درخواست گزار کے وکیل کے مطابق رٹ پٹیشن نمبر 1488/26 میں پہلے سے عدالتی احکامات موجود ہیں، اور عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ انہی احکامات کی روشنی میں مزید حکم جاری کیا جائے۔
عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پیراوائز کمنٹس طلب کر لیے ہیں اور ہدایت کی ہے کہ تمام فریقین آئندہ سماعت سے قبل اپنے تحریری جوابات عدالت میں جمع کرائیں۔
حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ موجودہ درخواست کو پہلے سے زیر سماعت درخواست کے ساتھ یکجا کر کے آئندہ سماعت کے لیے مقرر کیا جائے گا۔
