کراچی (آئی پی ایس )پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں اور ایونٹ کا ایکشن اب کراچی منتقل ہو چکا ہے، جہاں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیگ اسپنر ابرار احمد نے ٹیم کے لیے نئے مرحلے میں بہتر کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔برار احمد نے کہا کہ ٹیم پہلے مرحلے کو بھلا کر کراچی میں نئی شروعات کرنا چاہتی ہے کیونکہ لاہور میں ابتدائی مرحلہ ان کے لیے توقعات کے مطابق نہیں رہا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ کراچی کی وکٹیں اسپنرز کے لیے مددگار ثابت ہوں گی اور وہ یہاں سے اپنی مہم کا کامیاب آغاز کریں گے۔ابرار احمد کا کہنا تھا کہ کچھ میچز ایسے تھے جو ٹیم جیت سکتی تھی لیکن مڈل آرڈر بیٹنگ میں غلطیوں کے باعث شکست کا سامنا کرنا پڑا، انہوں نے اعتراف کیا کہ اسلام آباد اور کراچی کے خلاف میچز میں بھی ٹیم کے پاس جیت کے مواقع موجود تھے تاہم وہ فائدہ نہ اٹھا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم نے مجموعی طور پر اچھی کرکٹ کھیلی ہے اور امید ہے کہ کراچی کے مرحلے میں کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔اپنے ذاتی اہداف کے حوالے سے ابرار احمد نے واضح کیا کہ ان کی ترجیح انفرادی کارکردگی کے بجائے ٹیم کی کامیابی ہے، میرا ہدف صرف یہ ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے ٹرافی جیتوں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ اچھی اکانومی کے ساتھ کارکردگی دکھائیں گے تو اس کا فائدہ ٹیم کو ہوگا اور ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرسکے گی۔
