Saturday, April 11, 2026
ہومآزاد کشمیرسردار کامران ایوب کا 45 کروڑ روپے کے فراڈ کا انکشاف، اعلیٰ حکام سے نوٹس کا مطالبہ

سردار کامران ایوب کا 45 کروڑ روپے کے فراڈ کا انکشاف، اعلیٰ حکام سے نوٹس کا مطالبہ

راولپنڈی : آزاد کشمیر کے ضلع سدھنوتی سے تعلق رکھنے والی معروف کاروباری و سماجی شخصیت سردار کامران ایوب نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہیں راولپنڈی اور اسلام آباد میں مبینہ طور پر 45 کروڑ روپے کے بڑے فراڈ کا سامنا کرنا پڑا، جس پر انہوں نے صدرِ مملکت، وزیرِ اعظم، چیف جسٹس اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے سردار کامران ایوب کا کہنا تھا کہ ایک منظم جعلساز گروہ نے انہیں کاروباری ڈیل کے بہانے دھوکہ دیا اور ایک پراپرٹی معاہدے کے دوران ان سے ایک کوٹھی، ایک پلازہ اور اسلام آباد میں پانچ کنال اراضی ہتھیالی گئی۔ ان کے مطابق فراڈ کے لیے ایک غیر ملکی کمپنی کا نام استعمال کیا گیا اور اسے سی پیک منصوبے سے منسلک ظاہر کر کے اعتماد حاصل کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر انہوں نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے رجوع کیا، جس کے بعد انکوائری مکمل ہونے پر راجہ سعید، مہتاب قریشی اور جمشید خان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، تاہم ایف آئی آر کے باوجود تاحال کسی مرکزی ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔
سردار کامران ایوب نے الزام عائد کیا کہ نامزد ملزمان بااثر ہیں اور انہیں بعض سیاسی شخصیات کی پشت پناہی حاصل ہے، جس کی وجہ سے قانون نافذ کرنے والے ادارے کارروائی میں مشکلات کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان متعدد مقدمات میں ملوث ہونے کے باوجود ایف آئی اے کے نوٹسز پر پیش نہیں ہوئے۔
گفتگو کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ اس تنازع کے دوران ان کے گھر کو بھی نذرِ آتش کیا گیا، جسے وہ اسی معاملے کا تسلسل قرار دیتے ہیں۔ ان کے مطابق وہ اس کیس سے متعلق تمام شواہد جلد پریس کلب اسلام آباد میں پیش کریں گے اور ملوث افراد کو بے نقاب کریں گے۔
سردار کامران ایوب نے مطالبہ کیا کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے تاکہ عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد بحال ہو سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔