اسلام آباد:(سب نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی جس میں مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال، جنگ بندی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے حالیہ جنگ بندی کا خیر مقدم کیا جبکہ خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے مضبوط اور مؤثر سفارتی کردار کو سراہا گیا۔
اس موقع پر اسلام آباد میں کل ہونے والے اعلیٰ سطحی مذاکرات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں انتظامات اور سکیورٹی امور پر خصوصی گفتگو ہوئی۔ محسن نقوی نے کہا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سمیت دیگر اعلیٰ سطحی شخصیات، جن میں سٹیفوٹکوف اور کرشنر شامل ہیں، پاکستان کے خصوصی مہمان ہوں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ تمام غیر ملکی مہمانوں کو ہر لحاظ سے فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے جامع منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔
امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے پاکستان کے مخلصانہ اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
