Wednesday, April 8, 2026
ہومبریکنگ نیوزمولانا فضل الرحمان نے حکومت کی درخواست پر جمعہ کو ہونے والے احتجاجی مظاہرے موخر کردیے

مولانا فضل الرحمان نے حکومت کی درخواست پر جمعہ کو ہونے والے احتجاجی مظاہرے موخر کردیے

اسلام آباد (آئی پی ایس )جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کی درخواست پر 10 اپریل بروز جمعہ کو ہونے والے احتجاجی مظاہرے موخرکردیے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، رانا ثنااللہ اور طارق فضل چوہدری نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات میں سینیٹر مولانا عطاالرحمان، علامہ راشد محمود سومرو، سینیٹر مولانا عطاالحق درویش، مولانا اسجد محمود، ملک سکندر ایڈووکیٹ اور مفتی ابرار بھی شریک تھے۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے خلیج میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور جنگ بندی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔

حکومت پاکستان کی جانب سے وزیراعظم میاں شہباز شریف کا پیغام لے کر ایک وفد جس میں محسن نقوی، رانا ثنااللہ اور طارق فضل چوہدری شامل تھے، مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لیے پہنچا۔یہ درخواست اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے امن مذاکرات کے پیش نظر جذبہ خیرسگالی کے تحت کی گئی۔

وزیراعظم کی جانب سے درخواست کی گئی کہ اسلام آباد میں ایران، امریکا اور دیگر ممالک کے وفود کی آمد اور جنگ بندی سے متعلق مذاکرات کے پیش نظر جمعہ کے روز احتجاج مخر کیا جائے تاکہ دنیا کو مثبت پیغام دیا جا سکے۔مولانا فضل الرحمان نے اس موقع پر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر عوامی بے چینی سے آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیاکہ قیمتوں میں فوری کمی کی جائے۔ حکومتی وفد نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ چند روز میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی۔

بعد ازاں مولانا فضل الرحمان نے جماعتی مشاورت کے بعد حکومتی یقین دہانی اور امن مذاکرات کے پیش نظر جذبہ خیرسگالی کے تحت جمعہ کو ملک بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے مخر کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 12 اپریل 2026 کو مردان میں ہونے والے جلسہ عام میں شرکت کریں، جہاں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔