یروشلم(آئی پی ایس )اسرائیلی فوج کی جانب سے ایران جنگ بندی نافذ ہونے کے باوجود لبنان پر اب تک کے شدید ترین فضائی حملے کیے ہیں ۔لبنانی وزارت صحت کے مطابق آج ہونے والے اسرائیلی حملوں میں لبنان میں 112 افراد جاں بحق اور 700 سے زائد زخمی ہوئے۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق بیروت میں مسلسل دھماکوں سے شہر گونج اٹھا اور دارالحکومت کے مختلف علاقوں سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق جنگ کے دوران اب تک کی سب سے بڑی اور مربوط کارروائی میں بیروت، وادی بقاع اور جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے 100 سے زائد کمانڈ سینٹرز اور فوجی مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔لبنان کی وزارت صحت کے مطابق بدھ کے روز حملوں میں درجنوں افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے۔ حملوں کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ عوام سے خون کے عطیات دینے کی بیھ اپیل کی گئی۔اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ بندی لبنان پر لاگو نہیں ہوتی جبکہ اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کے مطابق ان حملوں میں حزب اللہ کو بڑا نقصان پہنچایا گیا۔
