Wednesday, April 8, 2026
ہومبریکنگ نیوزایران نے عالم اسلام کی لاج رکھ لی امن مذاکرات میں حکومت کے ساتھ ہیں، محمود خان اچکزئی

ایران نے عالم اسلام کی لاج رکھ لی امن مذاکرات میں حکومت کے ساتھ ہیں، محمود خان اچکزئی

اسلام آباد (آئی پی ایس)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ایران نے پورے عالم اسلام کی لاج رکھی ہے، ایران اور امریکا نے ہم پر بھروسہ اس لیے کیا ہے کہ ہم دونوں کی بات درست طریقہ سے آگے پہنچائیں گے اور امن مذاکرات کے لیے ہماری غیرمشروط حمایت حاصل ہے۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ میں نے نواز شریف، آصف علی زرداری اور عمران خان کو موجودہ حالات میں مل بیٹھ کر ملک کو آگے بڑھانے کا کہا تھا، اس بات کی طرف آئیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کوئی پاگل نہیں ہیں، پاکستان کے لیے کوئی پاگل ہی ہوگا جو امن کے ساتھ نہ ہو، امن مذاکرات کے لیے ہماری غیر مشروط حمایت حاصل ہے، ایران نے پورے عالم اسلام کی لاج رکھی ہے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی کہہ چکا تھا کہ وہ مقاصد حاصل کر چکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک دوسرے کو مرنے مارنے کی باتیں نہیں کرنی چاہیے، ہمیں جمہوریت کے لیے مل کر کچھ نکات پر اتفاق کرنا چاہیے، پارلیمان کو پالیسی سازی کا مرکز بنائیں اور ہم اپنے آپ پر بھروسہ کریں۔

محمود خان اچکزئی نے بتایا کہ امریکا اور ایران نے ہم پر بھروسہ اس لیے کیا ہے کہ ہم دونوں کی بات درست طریقے سے آگے پہنچائیں گے، ایک دوسرے کے ساتھ گزارا کریں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو توڑنے کی ناکام کوششیں کی گئیں مگر وہ نہیں ٹوٹا تو اب آئیں بات چیت کریں، میں اور علامہ راجا ناصر عباس دونوں بانی پی ٹی آئی کو راضی کرلیں گے اور خیبرپختونخوا میں جتنی مقبولیت پی ٹی آئی کو ملی ہے اسے ملک کے لیے استعمال کریں۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ملک کے مقبول ترین آدمی کو جیل میں رکھنا کون سے حالات کا تقاضا ہے، چین ہمیں کہہ چکا ہے کہ ہم افغانستان سے تعلقات درست کریں، ہم سب حکومت کے امن مذاکرات کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوموں کی زندگی میں یک جہتی کے مراحل آتے ہیں، سیز فائر کے لیے جس جس نے بھی کردار ادا کیا ہے اسے سراہتے ہیں، مسلم دنیا کو آپس میں لڑنے سے پاکستان نے بچایا ہے، امید ہے یہ سیز فائر مستقل جنگ بندی بنے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم امن مذاکرات کو مکمل سپورٹ کرتے ہیں، ہم اپنے شکوے شکایات کو پس پشت ڈالتے ہوئے ملک کے لیے آگے بڑھتے ہیں، آج جس سے ہماری پہنچان ہے وہ بانی پی ٹی آئی ہیں، بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا مسئلہ ہوا ان کی مرضی کے ڈاکٹروں کو علاج نہیں کرنے دیا گیا، ہمارے لیڈر کی اہلیہ تک کو بے گناہ جیل میں رکھا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مذاکرات کی میزبانی کرنے جا رہا ہے، حکومتی وفد اپوزیشن کے پاس آیا ہے ہم نے انہیں مثبت پیغام دیا ہے، یہ کہاں کا انصاف ہے کہ باہر والوں کو جوڑا جائے اور اپنوں کو توڑا جائے، ہماری سیاسی کمیٹی نے بھی مشاورت کی ہے۔ بیرسٹرگوہر علی خان نے کہا کہ آج عدالتی حکم پر وکیل سلمان صفدرکی ملاقات بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے ہوئی ہے، ہم نے بانی چیئرمین کی ہدایت پر کل کا جلسہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔