Wednesday, April 8, 2026
ہومبریکنگ نیوزایران امریکا جنگ بندی خطے میں قیام امن کے لیے اہم، پاکستان کی سفارتی کوششیں قابلِ تحسین ہیں، سعودی عرب

ایران امریکا جنگ بندی خطے میں قیام امن کے لیے اہم، پاکستان کی سفارتی کوششیں قابلِ تحسین ہیں، سعودی عرب

ریاض(آئی پی ایس )سعودی وزارتِ خارجہ نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں کشیدگی کے خاتمے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان اور پاکستان کے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کی تصدیق مثبت پیش رفت ہے، جو خطے میں امن کے قیام کے لیے اہم ثابت ہو سکتی ہے۔

بیان میں پاکستان کی قیادت، بالخصوص وزیرِ اعظم اور آرمی چیف کی کوششوں کو سراہا گیا، جنہوں نے اس معاہدے کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ سعودی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔

مزید کہا گیا کہ سعودی عرب پاکستان کی ان کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا، جن کا مقصد ایک مستقل اور جامع معاہدے تک پہنچنا ہے تاکہ خطے میں دیرپا امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے اور طویل عرصے سے جاری عدم استحکام کے اسباب کا خاتمہ ممکن ہو۔

بیان میں آبنائے ہرمز کے حوالے سے بھی زور دیا گیا کہ اسے بین الاقوامی قوانین، خصوصا 1982 کے اقوامِ متحدہ کے قانونِ سمندر کے تحت جہاز رانی کے لیے کھلا رکھا جانا چاہیے اور اس پر کسی بھی قسم کی پابندی عائد نہیں ہونی چاہیے۔

سعودی وزارت خارجہ نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ یہ جنگ بندی ایک جامع اور پائیدار امن کی بنیاد ثابت ہوگی، جس سے خطے میں سلامتی اور استحکام کو فروغ ملے گا اور ایسے تمام اقدامات کا خاتمہ ہوگا جو علاقائی خودمختاری اور امن کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔