اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کو اللہ تعالی نے دنیا میں عزت بخشی ہے اور ملک ایک بڑی جنگ کو روکنے میں کامیاب رہا ہے، جس پوری قوم کو مبارک ہو۔پارلیمنٹ ہا ئو س کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ پاکستان ایک قابلِ اعتماد ثالث کے طور پر خطے اور دنیا بھر میں تسلیم کیا گیا ہے۔ عرب ممالک، امریکا سمیت عالمی طاقتیں پاکستان کی طرف متوجہ ہیں۔
وزیر دفاع نے کہاکہ سول اور عسکری قیادت پر مشتمل ہائبرڈ ماڈل نے دو سے تین سال کے اندر بے شمار کامیابیاں حاصل کی ہیں، جو ثابت کرتا ہے کہ جب ملک کی طاقتیں متحد ہوں تو پاکستان عالمی سطح پر اہم مقام حاصل کر سکتا ہے۔خواجہ آصف نے بھارت کی موجودہ صورتحال پر بھی تبصرہ کیا اور کہاکہ بھارتی وزیراعظم مودی بے بس ہیں اور بھارتی میڈیا اب بھی مشکلات کا شکار ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے پانچ گنا بڑی طاقت کو شکست دی، اور بھارت ابھی تک اپنی ساکھ بحال کرنے کی کوشش کررہا ہے۔انہوں نے واضح کیاکہ اب قوم کو داخلی محاذ، معیشت اور دہشتگردی سے نمٹنے پر توجہ دینا ہوگی۔وزیر دفاع نے افغانستان کو بھی پیغام دیا کہ وہ پاکستان کی میزبانی اور صبر کا احترام کرے۔خواجہ آصف نے کہاکہ اگر افغانستان نے اس کا لحاظ نہیں کیا تو ہمارے پاس محدود آپشنز رہ جائیں گے۔
