اسلام آباد(آئی پی ایس )چیئرمین سینیٹ، سید یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں روانڈا کی ہائی کمیشن کے زیر اہتمام روانڈا میں توتسی کے خلاف نسل کشی کی 32ویں برسی کے موقع پر منعقدہ یادگاری تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے 1994 کی اس ہولناک سانحے کو حالیہ انسانی تاریخ کے تاریک ترین ابواب میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ محض سو دنوں کے اندر دس لاکھ سے زائد بے گناہ افراد کو بے دردی سے قتل کیا گیا، جس کے نتیجے میں بے شمار خاندان اجڑ گئے اور معاشرے گہرے زخموں سے دوچار ہوئے۔انہوں نے اس موقع پر روانڈا کے عوام کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اس دکھ کو بخوبی محسوس کرتے ہیں کیونکہ قیامِ پاکستان کے وقت بھی بے شمار جانوں کا قتل ہوا اور لاکھوں افراد کو ہجرت کی اذیت سے گزرنا پڑا۔
چیئرمین سینیٹ نے روانڈا کے عوام کی جرات، استقامت اور قومی تعمیر نو کے قابلِ ستائش سفر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ روانڈا نے شدید دکھ اور تکلیف کو اتحاد، مفاہمت اور ترقی کی ایک روشن مثال میں تبدیل کر دیا ہے، جو پوری دنیا کے لیے مشعلِ راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے سانحات کی یاد صرف سوگ کا اظہار نہیں بلکہ انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑنے اور عملی اقدامات کی دعوت بھی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ نفرت، اگر بروقت روکی نہ جائے، تو تباہ کن نتائج کا باعث بنتی ہے، جبکہ برداشت، انصاف اور یکجہتی امن اور بحالی کی راہ ہموار کرتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن، انصاف اور انسانی وقار کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دنیا بھر میں پسماندہ اور مظلوم طبقات کے حقوق کا تحفظ عالمی ترجیحات میں سرفہرست ہونا چاہیے اور ناانصافی پر خاموشی دراصل اس کی تائید کے مترادف ہے۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اداروں کو مضبوط بنانے، شمولیتی طرزِ حکمرانی کو فروغ دینے اور رواداری و بقائے باہمی کی ثقافت کو پروان چڑھانے کے لیے مشترکہ کوششیں کرے۔
انہوں نے ایسی تعلیم کی اہمیت پر بھی زور دیا جو ہمدردی، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دے تاکہ Never Again کا عہد عملی شکل اختیار کر سکے۔آخر میں چیئرمین سینیٹ نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ نفرت کے ہر روپ کے خلاف متحد ہو کر کھڑے ہوں، امن کو فروغ دیں اور دنیا بھر میں ہر انسان کے وقار کا تحفظ یقینی بنائیں۔تقریب میں وفاقی وزرا، مختلف ممالک کے سفرا، اراکینِ پارلیمنٹ، میڈیا نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان میں روانڈا کی ہائی کمشنر محترمہ فاتو ہیریمعنہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے ساتھ اور روانڈا کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
