اسلام آباد(سب نیوز)چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)سہیل اشرف کی زیر صدارت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کفایت شعاری اور ایندھن کے بچا کے اقدامات پر عملدرآمد کے حوالے سے منگل کے روز اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جسمیں انسپکٹر جنرل (آئی جی)اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی، ڈپٹی کمشنر (ڈی سی)اسلام آباد عرفان نواز میمن، ضلعی انتظامیہ، سی ڈی اے و اسلام آباد پولیس کے سنئیر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں وفاقی حکومت کے کفایت شعاری اور ایندھن کے بچا وکے حوالے سے احکامات پر مکمل عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر (ڈی سی)اسلام آباد عرفان نواز میمن اور متعلقہ افسران نے احکامات پر مکمل عملدرآمد کیلئے کئے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کفایت شعاری اور ایندھن کے بچا و کیلئے تمام اقدامات کو فوری نافذ العمل کیا جارہا ہے۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تمام دکانیں، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز، بازار، مارکیٹس اور شاپنگ مالز پورے ہفتے رات 8 بجے بند ہونگے اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ اسی طرح بیکریوں، ریسٹورنٹس اور کریانہ اسٹورز کو پورے ہفتے رات 10 بجے مکمل بند کیا جائیگا۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ خلاف ورزی کرنے والے افراد کیخلاف قانون کے مطابق کارروائیاں عمل میں لائی جائینگی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ شادی ہالز، مارکیز اور دیگر تمام کمرشل مقامات پر تقریبات بھی پورے ہفتے رات 10 بجے بند کر دی جائینگی جبکہ فارمیسیز اور میڈیکل اسٹورز ان مقررہ اوقاتِ کار سے مستثنی ہونگے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ان اقدامات پر مکمل عملدرآمد کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو بھی آن بورڈ لیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، تاجر برادری، مارکیٹ کمیٹیوں اور بزنس کمیونٹی سے میٹنگز کی جارہی ہیں جبکہ مختلف مارکیٹس اور کمرشل مراکز میں اعلانات اور آگاہی مہم کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔انسپکٹر جنرل (آئی جی)اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ ان اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد پولیس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر کام کریگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس مشترکہ ٹیم کے طور پر ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور رات 10 بجے کے بعد تمام متعلقہ کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر بند کر دی جائیں۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے ہدایت کی کہ حکومتی احکامات کا اطلاق شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں یکساں طور پر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں موثر نگرانی کے نظام کو وضع کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ ادارے مربوط حکمت عملی کے تحت وفاقی دارالحکومت میں حکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
