Tuesday, April 7, 2026
ہومپاکستانحکومت کی آئی ایم ایف کو سرکاری افسران کے اثاثے پبلک کرنے کی یقین دہانی

حکومت کی آئی ایم ایف کو سرکاری افسران کے اثاثے پبلک کرنے کی یقین دہانی

اسلام آباد(آئی پی ایس )حکومت نے آئی ایم ایف کو اینٹی کرپشن اصلاحات تیز کرنے کی یقین دہانی کرادی، سرکاری افسران کے اثاثے دسمبر 2026 تک پبلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بینکوں کو سرکاری افسران کے اثاثوں تک رسائی دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق اعلی سرکاری افسران کے اثاثے ڈیجیٹل طریقے سے جمع کرنے کا نظام بنایا جائے گا، لوٹی ہوئی دولت بیرون ملک سے واپس لانے کے لیے عالمی معاہدوں میں بہتری کا پلان ہے، منجمد، ریکور شدہ اور واپس لائے گئے اثاثوں کا ڈیجیٹل ڈیٹا بیس تیارکیا جائے گا، ایسٹ ریکوری اور منیجمنٹ یونٹس کو مضبوط بنایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر اثاثہ جات جمع کروانے کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارم بنائے گا، کرپشن کے خطرات کم کرنے کے لیے 10 بڑے محکموں کی نشاندہی کا فیصلہ کیا گیا ہے مشکوک مالی ٹرانزیکشنز رپورٹ کرنے کے معیار اور تعداد میں اضافہ کیا جائے گا، کرپشن کے خلاف ایکشن پلان اکتوبر 2026 تک تیار ہوگا۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ حکومت ہر 6 ماہ بعد اصلاحات کی رپورٹ جاری کرے گی، نیب کو مزید خودمختاری دی جائے گی، نیب اس سال کرپشن سے متعلق نیشنل رسک اسیسمنٹ کرے گا، اینٹی منی لانڈرنگ، کاونٹر ٹیرر فنانسنگ اتھارٹی کے تحت ٹاسک فورس قائم کی جائے گی جس میں نیب، ایف آئی اے، ایف بی آر، آڈیٹر جنرل، ایس ای سی پی سمیت دیگر ادارے شامل ہوں گے۔حکومت نے نیب چیئرمین کی تعیناتی کا طریقہ کار بھی بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئی ایم ایف نے نیب چیئرمین کی تقرری کے لیے اپوزیشن کی نمائندگی سمیت کمیشن قائم کرنے پر زور دیا۔ نیب میں میرٹ، شفاف اور اوپن سلیکشن سسٹم متعارف ہوگا۔ نیب کے قواعد اور کارکردگی رپورٹ عوام کے لیے جاری کی جائے گی۔ منی لانڈرنگ سے متعلق تحقیقات اور سزاوں کے طریقہ کار کو مضبوط کیا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔