اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان نے سعودی عرب پر ایرانی میزائل و ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک بار پھر سعودی عرب سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق حکومتِ پاکستان نے سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں توانائی تنصیبات پر ایران کی جانب سے کیے گئے میزائل اور ڈرون حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، پاکستان اس واقعہ کی سخت اور دوٹوک الفاظ میں مذمت کرتا ہے، ان حملوں کے نتیجے میں ہوئے جانی نقصان پر افسردہ ہے اور اہم انفرااسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کی شدید مذمت کرتا ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے، پاکستان اس مشکل گھڑی میں سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور اسے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتا ہے یہ حملے خطے میں امن و استحکام کے لیے خطرناک ہیںاور کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے سعودی عرب کی سلامتی اور سکیورٹی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا ہے۔واضح رہے کہ ایران نے سعودی عرب کے صنعتی شہر جبیل میں پیٹرو کیمیکل کمپلیکس پر حملہ کیا ہے، پاسداران انقلاب نے اس حملے کی ذمے داری بھی قبول کرلی۔پاسداران انقلاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شیراز کے پیٹرو کیمیکل کمپلیکس پر حملوں کے جواب میں سعودی عرب کی پیٹرو کیمیکل تنصیبات پر حملہ کیا۔پاسداران انقلاب نے کہا الجبیل انڈسٹریل زون میں امریکی کمپنی ایگزون موبل، ڈارک کیمیکل اور سادرا کو نشانہ بنایا ہے، الجعیمہ میں امریکی شیورون فلپس کمپنی کو بھی حملے نقصان پہنچا۔
