اسلام آباد(آئی پی ایس ) حکومت نے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی صورتحال مستحکم قرار دیتے ہوئے پٹرولیم قیمتوں میں حالیہ ردوبدل کے بعد مارکیٹ مانیٹرنگ سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیر خزانہ کی زیر صدارت پٹرول قیمتوں بارے مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں حالیہ قیمتوں میں ردوبدل کے بعد مارکیٹ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ملک میں پٹرولیم ذخائر ترسیل بارے بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا، ڈیزل کے ذخائر تقریبا 25 دن جبکہ کروڈ آئل کے ذخائر 12 دن کیلئے کافی قرار دیئے گئے۔
کمیٹی نے بریفنگ دی کہ پٹرول کی دستیابی موجودہ طلب پوری کرنے کیلئے کافی ہے، سپلائی چین میں ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت روکنے کیلئے سخت نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔شرکا کو بریفنگ دی گئی کہ اوگرا کا ڈیجیٹل ڈیش بورڈ پٹرولیم سٹاک اور سپلائی مانیٹر کرے گا، 12 ہزار سے زائد پٹرول پمپس سے ڈیٹا رپورٹنگ توقعات سے کم ہے۔
کمیٹی نے پٹرول پمپس سے بروقت ڈیٹا فراہمی یقینی بنانے کی اوگرا کو ہدایت کی، شرکا کو بتایا گیا کہ پی ایس او اپنے ریٹیل نیٹ ورک میں ڈیٹا رپورٹنگ مزید بہتر بنائے گا۔اجلاس میں پٹرول پمپس پر ڈیٹا انٹری اور سٹاک شفافیت کیلئے مشترکہ ٹیمیں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا، گیس کی دستیابی اور گھریلو و پاور سیکٹر میں تقسیم کا بھی اجلاس میں جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ایل پی جی پر بڑھتے انحصار کے پیش نظر گیس مینجمنٹ پر تفصیلی غور کیا گیا، وزیر خزانہ نے کہا کہ مارکیٹ استحکام، شفافیت اور صارفین کا تحفظ حکومت کی ترجیح ہے۔
