Monday, April 6, 2026
ہومتازہ ترینجیفری ایپسٹین نے انیل امبانی کو امریکی معاملات میں رہنمائی دینے کیلئے خود کو وائٹ ہائوس کی اہم شخصیت ظاہر کیا

جیفری ایپسٹین نے انیل امبانی کو امریکی معاملات میں رہنمائی دینے کیلئے خود کو وائٹ ہائوس کی اہم شخصیت ظاہر کیا

اسلام آباد(سب نیوز)سزا یافتہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین نے خود کو بھارتی کاروباری شخصیت انیل امبانی کے سامنے ڈونلڈ ٹرمپ کے وائٹ ہاوس میں ایک بااثر اندرونی شخصیت کے طور پر پیش کی جس نے 2017 میں بھارت-امریکہ دفاعی تعاون اور قومی سلامتی حکمتِ عملی کو سمجھنے کے لیے رہنمائی طلب کی ۔یہ انکشاف نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ میں کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق بعد ازاں مالی مشکلات کا شکار ہونے والے امبانی نے وائٹ ہاوس کے ساتھ معاملات کو سمجھنے کے لیے ایپسٹین سے اندرونی معلومات حاصل کرنے میں خاص دلچسپی دکھائی۔

امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے جاری کردہ پیغامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایپسٹین نے ٹرمپ انتظامیہ میں تقرریوں اور خارجہ پالیسی سے متعلق معلومات امبانی کے ساتھ شیئر کیں۔مارچ 2017 میں امبانی نے دریافت کیا کہ آیا ڈیوڈ پیٹریاس کو بھارت میں امریکی سفیر مقرر کیا جائے گا۔ ایپسٹین نے جواب دیا کہ وہ معلوم کریں گے اور بعد میں بتایا کہ پیٹریاس اس عہدے کے لیے زیر غور نہیں ہیں۔ بعد ازاں نومبر 2017 میں یہ منصب کینتھ آئی جسٹر کو دیا گیا۔جولائی 2017 میں ایپسٹین نے امبانی کو بتایا کہ جان بولٹن ، لیفٹیننٹ جنرل ایچ آر میک ماسٹر کی جگہ قومی سلامتی کے مشیر بنیں گے۔ اس نے کہا کہ میک ماسٹر زیادہ عرصہ اس عہدے پر نہیں رہیں گے اور بولٹن کی اگلی باری ہے ۔ تقریبا آٹھ ماہ بعد بولٹن واقعی اس عہدے پر فائز ہو گئے۔ایپسٹین نے امبانی کو ٹرمپ کے قریبی افراد جیسے اسٹیفن کے بینن اور تھامس جے براک سے متعارف کروانے کی پیشکش بھی کی۔ دوسری جانب امبانی نے خود کو نریندرا مودی کی حکومت سے قریبی تعلق رکھنے والا ظاہر کیا اور ایک موقع پر کہا کہ قیاد ت نے ایپسٹین سے جرید کشنر اور بینن سے ملاقاتوں کے انتظام میں مدد مانگی ہے۔

پیغامات سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ ایپسٹین نے امبانی کو مشورہ دیا کہ بھارت-اسرائیل تعلقات کو استعمال کرتے ہوئے ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ روابط بہتر بنائے جائیں۔ اس دوران مودی کے دورہ اسرائیل اور بھارت کی جانب سے تقریبا 2 ارب ڈالر کے دفاعی معاہدے بھی سامنے آئے۔انیل امبانی جو کہ مکیش امبانی کے چھوٹے بھائی ہیں، کی دولت 2007 میں تقریبا 45 ارب ڈالر سے کم ہو کر 2019 میں 1.7 ارب ڈالر رہ گئی۔ وہ 2019 تک ایپسٹین کے ساتھ رابطے میں رہے، جس دوران ایپسٹین نے بطور دوست ہمدردی اور مشورے بھی دیے۔ دونوں کی ملاقات 23 مئی 2019 کو نیویارک میں ہوئی، جو بھارت کے عام انتخابات کے نتائج کا دن تھا۔پیغامات میں سیاست اور مالی معاملات کے ساتھ ساتھ تفریح اور ڈیزرٹ جیسے مبہم حوالہ جات بھی موجود ہیں، تاہم ان کا مکمل سیاق و سباق واضح نہیں۔ایپسٹین نے ایک موقع پر نامناسب مذاق کرتے ہوئے کہا کہ ایک لمبی قد کی سویڈش سنہری بالوں والی خاتون کو سفیر بنایا جائے تاکہ دورہ مزید دلچسپ ہو جائے اور امبانی سے اداکاراں یا ماڈلز کے بارے میں پسند بھی پوچھی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔