Monday, April 6, 2026
ہومپاکستانمحسن نقوی کی رائیونڈ تبلیغی مرکز آمد، غیرملکی اکابرین سے ملاقات، تعاون کی یقین دہانی

محسن نقوی کی رائیونڈ تبلیغی مرکز آمد، غیرملکی اکابرین سے ملاقات، تعاون کی یقین دہانی

لاہور(آئی پی ایس )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے رائیونڈ تبلیغی مرکز میں غیر ملکی وفود سے ملاقات کی اور ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے تبلیغی جماعت کے اکابرین مولانا امجد فاروق، مولانا عامر، انوار غنی، امتیاز غنی، مولانا مدثر شاہین اور دیگر سے ملاقات کی، بھارت اور بنگلہ دیش سے آئے اکابرین سے بھی ملاقات کی۔

محسن نقوی نے دین اسلام کی سربلندی کے لیے تبلیغی جماعت کے اکابرین کی گراں قدر خدمات کو سراہا، غیر ملکی اکابرین نے ویزوں کے اجرا میں بھرپور تعاون پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ وزارت داخلہ کے بے پایاں تعاون کے باعث اس بار ویزوں کا کوئی ایشو نہیں ہوا۔غیر ملکی اکابرین نے وفاقی وزیر داخلہ کو بتایا کہ ہم سب کو آپ کی وجہ سے بہت زیادہ سہولت ملی، خدا آپ کو انسانیت کی خدمت کی مزید توفیق دے۔اس موقع پر بنگلہ دیش کے اکابرین نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو بنگلہ دیش میں عالمی تبلیغی اجتماع میں شرکت کی دعوت دی۔

محسن نقوی نے یقین دلایا کہ سالانہ اجتماع کے انعقاد میں بھی وزارت داخلہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا، غیر ملکی وفود کو ویزا کے حصول میں مکمل سہولت فراہم کی جائے گی، رواں سال بھی ائیر پورٹس پر سپیشل کانٹر قائم کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسلام کی تبلیغ کیلئے سہولت اور آسانی فراہم کرنا ہمارا فرض ہے اور ثواب کا کام ہے، دین اسلام کی تبلیغ میں تبلیغی جماعت کے اکابرین کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اس موقع پر امت مسلمہ کے اتحاد۔ شر و باطل کے خاتمے اور حق و سچ کی سر بلندی کے لئے دعا کی گئی، پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور امن کے لئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔