Sunday, April 5, 2026
ہومپاکستانقومی سبسڈی پیکیج کیلئے بلوچستان نے رقم جمع کرا دی، باقی صوبے بھی آگے بڑھیں: وزیراعظم

قومی سبسڈی پیکیج کیلئے بلوچستان نے رقم جمع کرا دی، باقی صوبے بھی آگے بڑھیں: وزیراعظم

اسلام آباد (سب نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس میں خطے میں حالیہ کشیدگی کے تناظر میں پیٹرولیم مصنوعات پر دی جانے والی سبسڈی کے نفاذ اور پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایندھن کے ذخائر، کھپت اور عوامی ریلیف اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ مسافر بسوں کو ایک لاکھ روپے ماہانہ جبکہ منی بسوں اور ویگنوں کو 40 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ کرایوں میں اضافہ نہ ہو۔ اسی طرح اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کیلئے ٹرکوں کو 70 ہزار، بڑی مال بردار گاڑیوں کو 80 ہزار اور ڈیلیوری وینوں کو 35 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ شفافیت یقینی بنانے کیلئے سبسڈی کی رقوم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہم کی جائیں، جبکہ ادائیگیوں کا آغاز فوری طور پر کر دیا گیا ہے، جو کہ چھٹی کے دن بھی جاری رہا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ تمام صوبوں نے گاڑیوں کا ڈیٹا وفاق کو فراہم کر دیا ہے، جبکہ سرفراز بگٹی کی قیادت میں بلوچستان حکومت نے قومی پیکیج کیلئے اپنی مقررہ رقم جمع کرا دی ہے، جس پر وزیراعظم نے ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ دیگر صوبے بھی جلد اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین ہفتوں میں 129 ارب روپے کا عوامی ریلیف پیکیج دیا جا چکا ہے اور حکومت مشکل وقت میں عوام کو ہرگز اکیلا نہیں چھوڑے گی۔

مزید برآں، پیٹرول لیوی میں فی الفور 80 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جبکہ پاکستان ریلوے کی جانب سے 6 ارب روپے کی سبسڈی کے باعث ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا۔ ٹول ٹیکس میں سہ ماہی 25 فیصد اضافہ بھی واپس لے لیا گیا ہے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں ایندھن کے مناسب ذخائر موجود ہیں اور ضروریات پوری کرنے کیلئے صورتحال تسلی بخش ہے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔