Saturday, April 4, 2026
ہومبریکنگ نیوزعالمی سطح پر پاکستان کی بڑی کامیابی: صاحبزادہ سلطان محمد علی ورلڈ ٹینٹ پیگنگ فیڈریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹر منتخب

عالمی سطح پر پاکستان کی بڑی کامیابی: صاحبزادہ سلطان محمد علی ورلڈ ٹینٹ پیگنگ فیڈریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹر منتخب

اسلام آباد(سب نیوز )پاکستان کیلئے ایک اور بڑا اعزاز ۔۔ مسقط میں ہونے والے ورلڈ ٹینٹ پیگنگ فیڈریشن کے انتخابات میں صاحبزادہ سلطان محمد علی کو فیڈریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا رکن منتخب کر لیا گیا ہے، جس کے بعد پاکستان کو بین الاقوامی فیصلہ سازی میں اہم نمائندگی حاصل ہوگئی ہے۔ واضح رہے45 ممالک ITPF کا حصہ ہیں ۔

صاحبزادہ سلطان محمد علی 2022 سے 2026 تک پاکستان ایکویسٹرین فیڈریشن صدر بھی رہ چکے ہیں۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے نیزہ بازی کے میدان میں تاریخی کامیابیاں حاصل کیں اور مجموعی طور پر 3 گولڈ، 2 سلور اور 2 برانز میڈلز اپنے نام کیے۔ ان ہی کے چار سالہ مختصر دور میں پاکستان نے عالمی سطح پر بھی اپنی برتری ثابت کی 2023 ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دے کر پاکستان نے دنیا کی دوسری بہترین ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ مزید برآں، صاحبزادہ سلطان محمد علی کی قیادت میں پہلی بار پاکستان میں 9 ممالک پر مشتمل ایک بڑا انٹرنیشنل ایونٹ منعقد ہوا، جس نے عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص اجاگر کیا۔

انہوں نے نہ صرف 2023 ورلڈ کپ کوالیفائرز کے انعقاد کو پاکستان میں یقینی بنایا بلکہ پہلی بار خواتین ٹیم کی تشکیل بھی عمل میں لائی۔ اس کے ساتھ ساتھ ہارس بیک آرچری مقابلوں کا آغاز بھی ان کی کوششوں کا نتیجہ ہے، جس سے کھیلوں کے دائرہ کار میں مزید وسعت آئی۔صاحبزادہ سلطان محمد علی کی عالمی فیڈریشن میں شمولیت پاکستان کیلئے ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے نہ صرف ملک کا وقار بلند ہوگا بلکہ ٹینٹ پیگنگ کے کھیل کو مزید فروغ ملے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔