Friday, April 3, 2026
ہومبریکنگ نیوزجاپان کے سفیر کی جانب سے کرافٹس آف پاکستان کے عنوان سے سوگیٹسو اکی بانا نمائش کا افتتاح

جاپان کے سفیر کی جانب سے کرافٹس آف پاکستان کے عنوان سے سوگیٹسو اکی بانا نمائش کا افتتاح

لاہور (آئی پی ایس )جاپان کے سفیر نے اسپرنگ ریوری،کرافٹس آف پاکستان کے عنوان سے منعقدہ سوگیٹسو اکی بانا نمائش کا افتتاح لاہور کے دی ریزیڈنسی ہوٹل میں کیا۔ یہ سالانہ بہاری نمائش سوگیٹسو اکیبانا کے 100 سال مکمل ہونے کی خوشی میں منعقد کی گئی۔ یہ نمائش لاہور فلوریٹیج سوگیٹسو اسٹڈی گروپ کے زیرِ اہتمام، جس کی قیادت مس نیوین سید کر رہی ہیں، اور بلیو پائن ریزیڈنسز کے تعاون سے منعقد کی گئی ہے۔ نمائش میں سوگیٹسو اکیبانا کے فنکاروں کے وہ فن پارے پیش کیے گئے ہیں جو پاکستان کی متنوع اور بھرپور دستکاری روایت سے متاثر ہیں۔

نمائش عوام کے لیے ہفتہ کے روز بھی کھلی رہے گی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان میں جاپان کے سفیر، مسٹر آکاماتسو شوئیچی تھے، جنہوں نے مسٹر عامر شیرازی (اعزازی قونصل جنرل جاپان، لاہور)، مسز غزالہ عرفان (صدر، پاکستان-جاپان کلچرل ایسوسی ایشن لاہور) اور مسٹر ابرار ممتاز (صدر، ہارٹیکلچرل سوسائٹی آف پاکستان) کے ہمراہ نمائش کا افتتاح کیا۔

اس سال کی نمائش کا موضوع پاکستان کی بھرپور اور متنوع دستکاری روایات سے متاثر ہے، جس میں ملک کے ثقافتی ورثے کو سوگیٹسو اکیبانا کے تخلیقی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ شریک فنکاروں نے مختلف روایتی ہنروں جیسے ملتانی مٹی کے برتن، ہالا کی سیرامکس اور اجرک کے کپڑوں پر تحقیق کر کے انہیں اپنے فن پاروں میں ڈھالا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر آکاماتسو نے لاہور فلوریٹیج سوگیٹسو اسٹڈی گروپ کی کاوشوں کو سراہا اور سوگیٹسو اکیبانا کے 100 سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش نہ صرف ثقافتی تبادلے کی عکاس ہے بلکہ اکیبانا کی روایت کو نئے انداز میں دریافت کرنے کا ایک موقع بھی فراہم کرتی ہے، جہاں بہار کی تازگی پاکستان کی روایتی دستکاری کے ساتھ ہم آہنگ ہو جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا، جاپان میں جنم لینے والا سوگیٹسو اکیبانا پاکستان میں ایک نئی صورت اختیار کر لیتا ہے اور مقامی ہنر مندی کے ساتھ خوبصورتی سے ہم آہنگ ہو جاتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔