اسلام آباد(سب نیوز) حکومت نے پٹرول قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کے اعلان کے ساتھ موٹر سائیکل مالکان کے لیے رعایت دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے گزشتہ روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کے اعلان کے ساتھ ہی موٹر سائیکل مالکان کے لیے ماہانہ 2 ہزار روپے پٹرول پر سبسڈی دینے کا اعلان کیا تھا۔
کون سے موٹر سائیکل مالکان اس رعایت کے اہل ہوں گے اور موٹر سائیکل والوں کو سستا پٹرول کیسے ملے گا؟ تفصیلات سامنے آگئیں ۔
ذرائع کا کہنا ہے ابتدائی مرحلےمیں صرف 70 سی سی موٹر سائیکلوں پر سبسڈی دی جائے گی۔ ہر موٹر سائیکل اور رکشا کو ماہانہ 20 لیٹر پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر یعنی مہینے میں مجموعی طور پر 2 ہزار روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔
تاہم 70 سی سی سے زائد کی موٹر سائیکلوں پر پٹرول سبسڈی نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ غیر رجسٹرڈ یا اپلائیڈ فار رجسٹریشن موٹر سائیکلوں پر بھی اس رعایت کا اطلاق نہیں ہوگا۔
موٹر سائیکل پر سبسڈی کے لیے موبائل ایپلیکشن تیار کر لی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے آئندہ ہفتے سے موٹر سائیکل اور رکشوں کو ماہانہ کوٹے پر 100 روپے فی لیٹر سستا پٹرول ملے گا۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ روز پٹرول کی قیمت میں 138 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 184 روپے فی لیٹر اضافہ کیا ہے، جس کے بعد ان کی نئی قیمت بالترتیب 458.40 فی لیٹر اور 520.35 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
