اسلام آباد(آئی پی ایس )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ معرکہ حق یادوں میں آج بھی زندہ ہے, امن اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی تیاری مکمل ہے ہمارا آئندہ ردِعمل تیز، متوازن اور فیصلہ کن ہوگا۔ بھارت کی جانب سے گیدڑ بھبکیوں پر ردعمل میں وزیر دفاع نے واضح اور دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا ایک سال مکمل ہونے پر بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ کی جانب سے دہرائے جانے والا بیانیہ مایوسی اور واضح بے چینی کا عکاس ہے، پہلگام فالس فلیگ آپریشن بین الاقوامی طور پر بھی ثابت نہ ہوسکا اور اس نے بھارت کی طرف سے خود ساختہ بحرانوں پر انحصار کو ہمیشہ کے لیے بے نقاب کردیا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت کی طرف سے اس نوعیت کی دھمکی آمیز زبان نئی نہیں بلکہ ایک متوقع جاہلانہ حرکت ہے، یہ بالکل واضح ہے کہ بھارت اپنی اندرونی کمزوریوں کو بیرونی بنا کر پیش کرتا ہے، بھارت گمراہ کن الزامات کی آڑ میں کشیدگی کو ہوا دیتا ہے تاکہ مخصوص سیاسی مفادات حاصل کیے جاسکیں، تاریخی طور پر یہ واضح ہے کہ ناکام مہم جوئی کے ہمیشہ سنگین نتائج برآمد ہوتے ہیں۔
