راولپنڈی: (آئی پی ایس) سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دو کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 13 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن باڑہ خیبر اور بنوں میں کئے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ باڑہ خیبر میں آپریشن کے دوران 10 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 3 خوارج کو انجام تک پہنچایا گیا، کامیاب کارروائیوں کے دوران متعدد دہشت گرد ٹھکانے تباہ کئے گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت آپریشن جاری ہے، بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کیا گیا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں 13 خارجیوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے بنوں اور باڑہ میں دہشت گردوں کو جہنم رسید کیا، ملک کی حفاظت کیلئے سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف 2 کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کرتے ہوئے 13 خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا انجام عبرتناک موت ہے، دہشت گردوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔
