Thursday, April 2, 2026
ہومبریکنگ نیوزپیٹرولیم مصنوعات کا ذخیرہ اطمینان بخش،سمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون کیا جائے،وزیر اعظم

پیٹرولیم مصنوعات کا ذخیرہ اطمینان بخش،سمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون کیا جائے،وزیر اعظم

اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا ہے، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین، بچت اور کفایت شعاری کے لیے جاری اقدامات کے نفاذ پر غور کیا گیا۔اجلاس میں کم آمدنی والے طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ صوبوں کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی تجاویز پیش کریں اور پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت اقدامات کریں۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ 3 ہفتوں میں وفاقی حکومت نے کم آمدنی والے طبقے کے لیے ریلیف فراہم کرنے کے اہم اقدامات کیے اور آئندہ بھی غریب طبقے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔وزیراعظم نے بتایا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے لیے وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی، کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات کے ذریعے عام آدمی کو 129 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے بروقت فیصلوں کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی ملکی ضروریات کے لیے مناسب مقدار موجود ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔اجلاس کو پیٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد اور سپلائی چین کی باقاعدگی سے نگرانی کے لیے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے استعمال کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر پاور سردار اویس لغاری، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ اور دیگر اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔