اسلام آباد(آئی پی ایس )سلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود نے تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ اور کاروبار دوست پالیسیوں کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے، جس سے اسلام آباد مقامی تاجروں اور بیرون ملک مقیم سرمایہ کاروں کے لیے ایک متحرک کاروباری مرکز کے طور پر ابھرنے کے قابل ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن ملٹی مرکز کے ایک بڑے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس نے اپنے صدر ظاہر محمود عباسی کی قیادت میں چیمبر کا دورہ کیا۔سردار طاہر محمود نے کہا کہ چیمبر کی مضبوطی تاجر برادری کی فعال شمولیت میں مضمر ہے۔ انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ خود کو ICCI کے ممبر کے طور پر رجسٹر کرائیں کیونکہ وسیع تر رکنیت چیمبر کو مثر طریقے سے تاجروں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے مزید بااختیار بنائے گی۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ E-11 مرکز میں تاجروں کو درپیش مسائل کو کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سمیت متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرایا جائے گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (TWA) ملٹی مرکز E-11 کے صدر ظاہر محمود عباسی نے تاجر برادری کے ساتھ قریبی ہم آہنگی برقرار رکھنے پر چیمبر کی قیادت کو سراہا۔ انہوں نے تاجر برادری کے لیے مسلسل کوششوں اور خدمات کے اعتراف میں فونڈر گروپ کے ساتھ کھڑے رہنے کے لیے ایسوسی ایشن کے اجتماعی عزم کا اعادہ کیا۔ صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے اس بات پر زور دیا کہ تاجر برادری کو سرمایہ کاری کرتے وقت ہمیشہ پاکستان کو ترجیح دینی چاہیے کیونکہ ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان ہی ہماری خوشحالی کا ضامن ہے ۔
