Monday, March 30, 2026
ہومبریکنگ نیوزنسیم شاہ نے متنازع ٹوئٹ پر معافی مانگ لی،آئندہ ایسا نہیں ہوگا:کرکٹر

نسیم شاہ نے متنازع ٹوئٹ پر معافی مانگ لی،آئندہ ایسا نہیں ہوگا:کرکٹر

لاہور(آئی پی ایس )پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے متنازع ٹوئٹ پر معافی مانگ لی۔ایکس پر جاری بیان میں نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ میری سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے میرے اکانٹ سے پوسٹ کی گئی تھی، وہ پوسٹ میرے خیالات کی عکاسی نہیں کرتی۔نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ میں اپنے پلیٹ فارم کی مکمل ذمہ داری قبول کرتا ہوں، آئندہ ایسا نہ ہو اس کے لیے درکار ضروری تبدیلیاں کی جاچکی ہیں۔

نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ میں پلیٹ فارم کے غلط استعمال سے متاثر ہونے والے تمام افراد سے معذرت کرتا ہوں۔خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے متنازع ٹوئٹ پر فاسٹ بولر نسیم شاہ پر 2 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کردیا ہے۔پی سی بی کے مطابق نسیم شاہ پر پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

پی سی بی نے 27 مارچ 2026 کو ایک شوکاز نوٹس جاری کیا تھا، جس میں خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے نسیم شاہ سے وضاحت طلب کی گئی تھی۔ نسیم شاہ کا جواب موصول ہونے اور اس کا جائزہ لینے کے بعد 30 مارچ کو تین رکنی ڈسپلنری کمیٹی نے کیس کی سماعت کی۔ نسیم شاہ کے مقف کا جائزہ لینے کے بعد کمیٹی نے فیصلہ دیا کہ غیر مشروط معافی کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی نسیم شاہ سینٹرل کنٹریکٹ کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں، ان پر 2 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق نسیم شاہ نے اپنے سوشل میڈیا ایڈوائزر کو پہلے ہی برطرف کر دیا ہے جب کہ پی سی بی بھی اس ایڈوائزر کو بلیک لسٹ کرے گا تاکہ وہ آئندہ پی سی بی کے دائرہ اختیار میں آنے والے کسی بھی کھلاڑی کے ساتھ کام نہ کرسکے۔ پی سی بی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہیکہ وہ پیشہ ورانہ معیار، معاہدوں کی پاسداری اور کھیل کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔