اسلام آباد(آئی پی ایس )صدر مملکت آصف علی زرداری نے ہدایت کی ہے کہ تیل اور گیس کی فراہمی میں دباو، بڑھتی ہوئی توانائی کی قیمتیں اور بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے پیش نظر عوام پر قیمتوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔یہ بات انہوں نے ایوانِ صدر میں منعقدہ مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلی جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر بھی شریک تھے۔
اجلاس کے دیگر شرکا میں نائب وزیراعظم، اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع، خواجہ آصف، وزیرِ داخلہ، سینیٹر محسن نقوی، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو اور دیگر شامل تھے۔اجلاس کو چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں کی جانب سے قیمتوں کے دبا کو کنٹرول کرنے، ضروری اشیا کی دستیابی یقینی بنانے اور عوام پر اثرات کو کم کرنے کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا، تاکہ ایک مربوط قومی حکمتِ عملی تیار کی جا سکے۔
اس کے علاوہ اجلاس میں وسیع علاقائی صورتحال اور اس کے پاکستان کی سلامتی، اقتصادی منظرنامے اور خوراک کی حفاظت پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو یقین دلایا گیا کہ عالمی بحران کے باوجود ایندھن کی فراہمی میں کوئی خلل نہیں آیا، اور ملک کی ضروریات پوری کرنے کے لیے موجودہ ایندھن کے ذخائر کافی ہیں، جبکہ مستقبل کے لیے بھی انتظامات جاری ہیں۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے اجلاس کو حکومت کی فعال سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا، جس میں ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کی قیادت کے ساتھ حالیہ رابطے اور تنازع میں شامل دیگر ممالک کے رہنماں سے ملاقاتیں شامل ہیں۔ انہوں نے اپنے آئندہ دورہ بیجنگ کی تفصیلات بھی اجلاس میں پیش کیں۔اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ تیل کی قیمتیں بڑھانے کی تجاویز بار بار وزیرِ اعظم نے مسترد کیں، اور کفایت شعاری کے اقدامات سے بچت شدہ رقم عوامی ریلیف کے لیے استعمال کی جا رہی ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ یہ کفایت شعاری حکومت کے اپنے اخراجات میں کمی سے شروع ہوئی، جس میں ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی اور 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو فوری طور پر گرانڈ کرنا شامل ہے۔صدر نے دوبارہ یقین دہانی کرائی کہ اقتصادی طور پر کمزور افراد اس مشکل وقت میں اکیلے نہیں چھوڑے جائیں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ اقتصادی منصوبہ بندی، توانائی کی حکمت عملی، خوراک کی حفاظت اور سیکیورٹی کی تیاری میں ہم آہنگی کے ساتھ فیصلہ سازی کی جائے۔ صدر نے عوامی آگاہی کی ضرورت پر بھی زور دیا، جس میں ایندھن کی بچت، عوامی نقل و حمل کے استعمال کی ترغیب اور مشترکہ سفر کے طریقوں کو فروغ دینا شامل ہے۔
