Monday, March 30, 2026
ہومتازہ ترینچیئرمین سی ڈی اے کا قطری سرمایہ کاروں کیساتھ زوم پر اجلاس، اسلام آباد میں میزبانی کے شعبے میں ممکنہ تعاون اور سرمایہ کاری کے حوالے سے تبادلہ خیال

چیئرمین سی ڈی اے کا قطری سرمایہ کاروں کیساتھ زوم پر اجلاس، اسلام آباد میں میزبانی کے شعبے میں ممکنہ تعاون اور سرمایہ کاری کے حوالے سے تبادلہ خیال

اسلام آباد( سب نیوز) چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے پیر کے روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میزبانی کی صنعت کے فروغ کے حوالے سے قطری سرمایہ کاروں کیساتھ بذریعہ زوم سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں مٹینگ منعقد ہوئی۔ جسمیں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔
مٹینگ میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میزبانی کے شعبے میں ممکنہ تعاون اور سرمایہ کاری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ مٹینگ میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میزبانی کی صنعت میں سرمایہ کاری کے مواقع اور مختلف ہوٹل پراجیکٹس کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میزبانی کی صنعت بالخصوص فائیو سٹار ہوٹلوں کی تعمیر کے حوالے سے سرمایہ کاروں کیلئے بہترین مواقع موجود ہیں اور اس سلسلے میں اسلام آباد شہر کو ریجنل سفارتی اور سیاحتی مرکز کی حیثیت حاصل ہے۔وفاقی دارالحکومت میں موجودہ فائیو سٹار ہوٹلوں کی تعداد شہر کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ناکافی ہے۔
میٹنگ میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پرائم لوکیشن پر فائیو سٹار ہوٹلز کی تعمیر کے حوالے سے مواقع موجود ہیں۔ بریفنگ دیتے ہوئے مزید بتایا گیا کہ سی ڈی اے سرمایہ کاروں کو مکمل سہولت اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔
میٹنگ میں قطری سرمایہ کاروں کے وفد نے سی ڈی اے کے مختلف انویسٹمنٹ آپشنز میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا دارالحکومت اسلام آباد میں میزبانی کی صنعت میں سرمایہ کاری کے مختلف مواقع پر غور کرینگے۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سرمایہ کاروں کو ہوٹلز انڈسٹری کے فروغ کیلئے ہرممکن تعاون کیلئے تیار ہیں۔ مٹینگ میں دونوں جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میزبانی کی صنعت کے فروغ کے حوالے سے تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔