Saturday, March 28, 2026
ہومبریکنگ نیوزوزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی تبدیلی کی بڑھتی خبریں، کیا واقعی تبدیلی آرہی ہے؟

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی تبدیلی کی بڑھتی خبریں، کیا واقعی تبدیلی آرہی ہے؟

کراچی(آئی پی ایس )پاکستان پیپلز پارٹی کے حوالے سے یہ خبریں زیر گردش ہیں کہ ایک اہم مشاورتی اجلاس میں صوبائی وزرا کی سندھ میں کارکردگی پر گرما گرمی دیکھی گئی ہے جبکہ یہ بھی دعوی کیا جارہا ہے کہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی جگہ ناصر حسین شاہ کو صوبے کا وزیراعلی بنایا جا رہا ہے۔

اس اجلاس میں پارلیمنٹ کے اندر دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ تعاون اور قانون سازی کے عمل میں پیپلز پارٹی کے کردار پر بحث کی گئی۔ بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ نچلی سطح پر تنظیم سازی کو مکمل کریں اور آنے والے وقت کے لیے عوامی رابطہ مہم تیز کریں۔

اس اجلاس کا بنیادی مقصد پارٹی کے اندرونی اتحاد کو برقرار رکھنا اور وفاقی حکومت میں اپنے سیاسی وزن کو مثر طریقے سے استعمال کرنا تھا۔ قیادت نے اس بات پر زور دیا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کے استحکام اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرتی رہے۔پارٹی کا فیصلہ یہی ہے کہ مراد علی شاہ کی کارکردگی اطمینان بخش ہے اور وہ اپنی مدت پوری کریں گے

ترجمان حکومت سندھ مصطفی بلوچ کے مطابق یہ افواہیں آج سے نہیں بلکہ تب سے گردش کر رہی ہیں جب مراد علی شاہ کو وزیراعلی سندھ بنایا جا رہا تھا، ان کا مزید کہنا ہے کہ اس وقت بھی پارٹی کے اندر اختلافات کی باتیں زیر گردش تھیں، تب بھی کہا جا رہا تھا کہ شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ اور سعید غنی وزیر اعلی بن سکتے ہیں لیکن ہوا وہی جو پارٹی کا فیصلہ تھا اور اب بھی پارٹی کا فیصلہ یہی ہے کہ مراد علی شاہ کی کارکردگی اطمینان بخش ہے اور وہ اپنی مدت پوری کریں گے۔

ذرائع کے مطابق ان افواہوں کی کچھ وجوہات ہوسکتی ہیں جیسے کہ پارٹی کے اندر ایک حلقہ ایسا ہے جو نئے چہروں جیسے ناصر حسین شاہ یا شرجیل میمن کو وزیراعلی کے طور پر دیکھنا چاہتا ہے۔ وفاقی سطح پر ایم کیو ایم اور پی پی پی کے درمیان بعض لوکل گورنمنٹ ترامیم پر ڈیڈ لاک ہے، جس کی وجہ سے یہ تاثر ملتا ہے کہ شاید انتظامی تبدیلی کے ذریعے کوئی درمیانی راستہ نکالا جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔