Friday, March 27, 2026
ہومتازہ ترینجنگ بندی مذاکرات میں پاکستان کی ٹیلیفونک سفارتکاری نے اہم کردار ادا کیا، امریکی میڈیا

جنگ بندی مذاکرات میں پاکستان کی ٹیلیفونک سفارتکاری نے اہم کردار ادا کیا، امریکی میڈیا

اسلام آباد: (آئی پی ایس) ایک امریکی اخبار نے اپنی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے دوران امن کے قیام کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں کیں، جن میں خاص طور پر ٹیلیفونک سفارتکاری کا اہم کردار رہا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستانی قیادت نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مختلف عالمی رہنماؤں سے مسلسل رابطے کیے۔ ان رابطوں میں تہران، ریاض، ابوظبی، قاہرہ، استنبول اور برسلز کے اہم رہنما شامل تھے، جن سے امن کے قیام اور ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے رہنما امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان دونوں کے ساتھ قریبی روابط رکھتے ہیں، جس کی وجہ سے پاکستان کو ایک مؤثر ثالث کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر مسلسل سفارتی رابطوں کے ذریعے خطے میں امن بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

دوسری جانب جرمن وزیر خارجہ جوہان ویڈے فول نے بھی تصدیق کی ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان بالواسطہ رابطے ہو چکے ہیں اور اب براہ راست ملاقات کی تیاریاں جاری ہیں۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے نمائندوں کی اہم ملاقات جلد متوقع ہے، جو بظاہر پاکستان میں ہو سکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی متحرک سفارتکاری خطے میں اس کے بڑھتے ہوئے کردار اور عالمی سطح پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے، اور اگر یہ کوششیں کامیاب ہوئیں تو یہ تنازع کے خاتمے میں اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔