Thursday, March 26, 2026
ہومبریکنگ نیوزپاکستان کی سفارتی کوششوں پر سعودی عرب کا خراجِ تحسین

پاکستان کی سفارتی کوششوں پر سعودی عرب کا خراجِ تحسین

اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے مشرقِ وسطی میں حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کے ذمہ دارانہ سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان نے امن کے فروغ اور بحران کے پرامن حل کے لیے دانشمندانہ اقدامات کیے ہیں، جو علاقائی استحکام کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

سعودی سفیر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ خطے میں حالیہ ایرانی حملے، جو مملکت سعودی عرب اور دیگر خلیجی برادر ممالک کو نشانہ بنا رہے ہیں، نہایت تشویشناک ہیں اور یہ خودمختار ریاستوں کے خلاف بلاجواز جارحیت کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی ہیں، جن کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور رہائشی علاقوں، ہوائی اڈوں اور شہری انفراسٹرکچر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ خطرناک صورتحال صرف علاقائی مسئلہ نہیں بلکہ عالمی سطح پر توانائی کی سلامتی اور بین الاقوامی مفادات کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہے، کیونکہ متاثرہ علاقے عالمی تجارت اور بحری گزرگاہوں کے لیے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔نواف المالکی نے زور دیا کہ ریاستوں کی خودمختاری اور سلامتی ناقابلِ سمجھوتہ ہے اور بین الاقوامی قوانین کا احترام عالمی امن کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستان کے متوازن اور ذمہ دارانہ مقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں خطے میں امن و استحکام کے قیام میں مثبت کردار ادا کر رہی ہیں۔ سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ دانشمندی، بین الاقوامی یکجہتی اور انسانی اصولوں پر قائم رہنا ہی موجودہ بحرانوں پر قابو پانے اور پائیدار امن کے قیام کا واحد راستہ ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔