اسلام آباد(آئی پی ایس ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود نے جمعرات کے روز ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد میں چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو محترمہ عائشہ فاروق سے ملاقات کی جس میں اسلام آباد کے جیولرز بالخصوص جناح سپر مارکیٹ سے وابستہ کمیونٹی کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیالات کیا گیا ۔
میٹنگ کے دوران آئی سی سی آئی کے صدر نے چیف کمشنر کو 3 فیصد سیلز ٹیکس، پوائنٹ آف سیل سسٹم کی تنصیب اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے حکام کی جانب سے بعض کاروباری جگہوں کو سیل کرنے کے حوالے سے جیولرز کے تحفظات سے آگاہ کیا۔چیف کمشنر نے کاروباری برادری کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل تحمل سے سنے اور ٹیکس ریگولیشنز کی ہموار تعمیل کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تاجر برادری ملک کا حقیقی معاشی انجن ہے اور مناسب احترام اور سہولت کی مستحق ہے۔
انہوں نے مزید یقین دلایا کہ سیل کی گئی شاپس کو ڈی سیل کردیا جائے گا اور مستقبل میں ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے گا۔دونوں فریقوں نے ملک کے وسیع تر اقتصادی مفاد میں ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھنے پر اتفاق کیا اور موثر رابطے کو برقرار رکھنے کے لیے فوکل پرسن مقرر کرنے کا فیصلہ کیا۔ قائم مقام صدر ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جناح سپر مارکیٹ فصیح اللہ خان کو آئی سی سی آئی کی جانب سے فوکل پرسن نامزد کیا گیا
ایف بی آر کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر ان لینڈ ریونیو فاطمہ طارق کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا۔اس موقع پر آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود کے ہمراہ قائم مقام صدر ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جناح سپر مارکیٹ فصیح اللہ خان، نائب صدر چوہدری اشرف، جنرل سیکرٹری عبدالرحمن صدیقی، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری زوہیب اشرف ملک اور تاجر برادری کے دیگر نمائندے بھی موجود تھے۔قبل ازیں جناح سپر مارکیٹ کے جیولرز کے ایک بڑے وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور اس کی قیادت سے ملاقات کی
فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد میں صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ، صدر جیولرز ایسوسی ایشن مری روڈ راولپنڈی عبدالقدوس، جنرل سیکرٹری ریحان جاوید رانا، سینئر نائب صدر نقاش شیرازی اور جنرل سیکرٹری مرکزی صرافہ ایسوسی ایشن راولپنڈی/اسلام آباد ریحان ربانی بھی شامل تھے۔ اس موقع پر آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور نائب صدر عرفان چوہدری بھی موجود تھے۔
