Wednesday, March 25, 2026
ہومبریکنگ نیوزمشرق وسطی کشیدگی: وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر کی ٹیلیفونک گفتگو، رابطے میں رہنے پر اتفاق

مشرق وسطی کشیدگی: وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر کی ٹیلیفونک گفتگو، رابطے میں رہنے پر اتفاق

دوحہ (آئی پی ایس )وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے آج ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔وزیراعظم آفس کے مطابق اپنی گرمجوش اور خوشگوار گفتگو کے دوران وزیراعظم نے قطر کے امیر اور قطر کے برادر عوام کو عید الفطر کی مبارکباد دی، جبکہ قطر کے امیر کی جانب سے بھی عید کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔

وزیراعظم نے خطے میں جاری جنگ پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے قطر اور دیگر برادر خلیجی ممالک کے خلاف حملوں کی شدید مذمت کا اعادہ کیا اور ان حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا جبکہ زخمیوں کے لیے دعا کی۔

انہوں نے امیر قطر اور قطر کے برادر عوام کو اس مشکل وقت میں پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا یقین دلایا۔موجودہ صورتحال کے تناظر میں قطر کے غیر معمولی تحمل کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان کی سفارتی رسائی اور امن کی کوششوں سے امیر قطر کو آگاہ کیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان نے مسلسل تمام فریقوں سے کشیدگی کم کرنے اور بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے اپنے اختلافات کو حل کرنے پر زور دیا ہے۔اس موقع پر امیر قطر نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں کو سراہا۔ دونوں رہنماں نے آنے والے دنوں میں قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔