Tuesday, March 24, 2026
ہومبریکنگ نیوزپاکستان کو تنہا کرنے کے خواب دیکھنے والا بھارت منظر سے غائب، پاکستان کے عالمی سطح پر چرچے

پاکستان کو تنہا کرنے کے خواب دیکھنے والا بھارت منظر سے غائب، پاکستان کے عالمی سطح پر چرچے

کراچی (آئی پی ایس )مشرق وسطی میں جاری کشیدگی کے دوران پاکستان کی مثر سفارتی حکمت عملی کے چرچے جہاں دنیا بھر میں ہو رہے ہیں، وہیں بھارت میں اس حوالے سے شدید تشویش پائی جاتی ہے، اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر شدید تنقید کی بھی کی جارہی ہے کہ جس پاکستان کو آپ عالمی سطح پر تنہا کرنا چاہتے تھے وہ تو اپنی نمایاں حیثیت سے کے طور پر خود کو منوا رہا ہے۔معروف بھارتی جریدے دی وائر نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ سفارتی حکمت عملی کی تعریف کی جارہی اور بھارت کے لیے اسے دھچکا قرار دیا جارہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بھارت کی خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے، اور مودی سرکار کے دعوں کی حقیقت کھل کر سامنے آ گئی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نریندر مودی نے اپنی خارجہ پالیسی کی بنیاد میں اس چیز کو ترجیح پر رکھا کہ پاکستان کو غیر متعلق کرنا ہے، لیکن امریکا ایران بحران کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کے بجائے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ترجیح دی، جس سے بھارتی سرکار کی پاکستان کے خلاف تمام کوششیں ناکام ہوگئی ہیں۔

جب عالمی سطح پر یہ تاثر ہے کہ پاکستان کشیدگی روکنے میں مددگار ہے اور بھارت آبنائے ہرمز کی بندش اور ٹیرف کے بارے میں فکر مند ہے، تو یہ مودی کے لیے ذاتی اور سیاسی طور پر نقصان دہ ہے۔ بھارت کی خطے میں غیر موجودگی اور پاکستان کا بیک چینل کے طور پر ابھرنا مودی کی عالمی قیادت کے دعوں پر سوالیہ نشان ہے۔جب پاکستان امریکا اور ایران دونوں کے اعتماد کا حامل ہو کر حساس پیغامات منتقل کررہا ہے، تو بھارت کی اسٹریٹجک خودمختاری کمزور دکھائی دیتی ہے۔

مودی کی ذاتی سطح کی قربت کے باوجود امریکا نے بھارت کو بائی پاس کرکے پاکستان کو ترجیح دی، جو بھارت کے خطے میں اثرورسوخ پر عدم اعتماد کا واضح اشارہ ہے۔ بھارت کو ایک چھوٹے کھلاڑی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، نہ کہ ایک معتبر اسٹریٹجک شراکت دار کے طور پر۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے اپنے فوجی اور سیاسی تعلقات کا فائدہ اٹھا کر اعلی سطحی رسائی حاصل کی، جس سے اسے اس بحران میں معتبر سفارتی ثالث کے طور پر پیش کیا گیا۔ بھارت کی چابہار پورٹ میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کے باوجود اس کی اسٹریٹجک پوزیشن متاثر ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان ترکیہ اور مصر کے درمیان بیک چینل رابطہ کاری نے بھارت کو خطے کی موجودہ صورتحال سے بالک باہر کردیا، مودی کی اسرائیل نواز پالیسی اور پاکستان مخالف رائے نے بھارت کے مفادات کو نقصان پہنچایا اور خطے میں اس کی قیادت کمزور ہوئی۔

ماہرین کے مطابق یہ مودی کی خارجہ پالیسی کے مودی ڈاکٹرائن کی ناکامی ہے، جس میں ذاتی شہرت، عالمی اعزازات اور میڈیا دکھاوے کو ترجیح دی گئی، جبکہ حقیقی جغرافیائی سیاسی مسائل پر توجہ کم دی گئی۔ جبکہ پاکستان نے اس خلا کو پر کرکے خود کو امریکا اور ایران کے درمیان کلیدی ثالث کے طور پر پیش کیا، جبکہ بھارت بائی پاس ہو گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔