Tuesday, March 24, 2026
ہومبریکنگ نیوزتیل اور گیس کے ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں، کابینہ کمیٹی نے بحران کا امکان مسترد کردیا

تیل اور گیس کے ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں، کابینہ کمیٹی نے بحران کا امکان مسترد کردیا

اسلام آباد(آئی پی ایس )پیٹرولیم سے متعلق کابینہ کمیٹی نے تصدیق کی ہے کہ ملک میں تیل اور گیس کے ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں اور پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل، مقامی پیداوار اور درآمدی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مارچ اور اپریل کے لیے پیٹرول کے کارگو کی بڑی مقدار پہلے ہی محفوظ کرلی گئی ہے جبکہ ملک کی ریفائنریز معمول کے مطابق کام کررہی ہیں۔ کابینہ کمیٹی نے ریفائنریز کی پیداوار برقرار رکھنے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھا اور اس کے اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

کمیٹی کو بریفنگ دی گئی کہ حکومت عالمی اور مقامی قیمتوں کے فرق کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے اور جی ٹو جی معاہدوں کے ذریعے توانائی کی سپلائی مزید مستحکم بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ علاوہ ازیں، مختلف ممالک سے تیل کی درآمد کے لیے متنوع حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ صورتحال پر کڑی نظر رکھیں، ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔