Tuesday, March 24, 2026
ہومپاکستانعیدالفطر: مری میں 74 ہزار گاڑیاں داخل، پونے 4 لاکھ سیاحوں کی آمد، ٹریفک و سکیورٹی پلان کامیاب رہا، ڈی پی او مری ڈاکٹر محمدرضا تنویر

عیدالفطر: مری میں 74 ہزار گاڑیاں داخل، پونے 4 لاکھ سیاحوں کی آمد، ٹریفک و سکیورٹی پلان کامیاب رہا، ڈی پی او مری ڈاکٹر محمدرضا تنویر

مری/راولپنڈی(سب نیوز) ملکہ کوہسار مری میں عید الفطر کے تینوں ایام میں مجموعی طور پر 74 ہزار 196 گاڑیاں داخل ہوئیں، جن کے ذریعے تقریباً پونے 4 لاکھ سیاحوں اور مقامی افراد نے مری کا رخ کیا۔ فول پروف سکیورٹی اور بہترین ٹریفک مینجمنٹ کی بدولت ہزاروں گاڑیوں کی آمد کے باوجود کہیں بھی سیاحوں کے پھنسنے یا طویل ٹریفک جام کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔

ڈی پی او مری ڈاکٹر محمدرضا تنویر کے مطابق عید کے تینوں دن ضلع مری میں 17,582 جبکہ مری شہر کی حدود میں 15,728 گاڑیوں کے حامل سیاحوں نے قیام کیا، بقیہ گاڑیاں گلیات کی سیر کے بعد واپس روانہ ہوئیں۔ عید کے تیسرے روز شہر کی طرف نقل و حرکت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جہاں 29,588 گاڑیاں داخل اور 26,964 خارج ہوئیں، جس کے بعد شہر کے اندر 8,659 گاڑیوں کا اسٹے رہا۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں گاڑیوں کی آمد میں 48.8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جو ٹریفک پر مسلسل کنٹرول کی عکاسی کرتی ہے۔

ڈی پی او مری نے بتایا کہ عید کے دوسرے دن ضلع مری میں 27,099 گاڑیاں داخل اور 19,734 خارج ہوئیں، جس سے شہر میں 5,429 گاڑیاں موجود رہیں۔ اسی طرح پہلے دن ضلع میں 17,716 گاڑیاں داخل اور 10,038 خارج ہوئیں، جبکہ شہر کے اندر 1,640 گاڑیوں کا قیام رہا۔

ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے بتایا کہ مری پولیس اور ٹریفک کی تمام نفری الرٹ رہی، جس کے نتیجے میں ٹول پلازوں پر سخت مانیٹرنگ اور فیلڈ افسران کی مسلسل پٹرولنگ سے نظم و ضبط برقرار رہا۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر دوسرے دن 376 اور تیسرے دن 506 چالان بھی کیے گئے۔

ڈی پی او مری نے کہا کہ تمام سیاحوں بلخصوص خواتین سیاحوں کے تحفظ کے لیے مال روڈ اور بڑے سیاحتی مقامات پر اینٹی ہراسمنٹ ٹیمیں اور سہولتی یونٹس تعینات رہے، جنہوں نے سیاحوں کی مسلسل رہنمائی کی۔ عید کے دوران مجموعی صورتحال مکمل طور پر پرامن اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پاک رہی۔ مؤثر ہم آہنگی اور پیشگی تعیناتی کی بدولت پورے ضلع میں امن و امان اور ٹریفک کے رواں بہاؤ کو یقینی بنایا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔