جدہ (خالد نواز چیمہ)چوہدری اکرم گجر کی جانب سے وفاقی وزیر حج سردار محمد یوسف اور وفد کے اعزاز میں پروقار سحری کا اہتمام، اہم شخصیات کی شرکتپاکستان مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے چیئرمین چوہدری اکرم گجر کی جانب سے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور ان کے ہمراہ آئے ہوئے وفد کے اعزاز میں ایک پروقار سحری پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی مقتدر سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات نے بھرپور شرکت کر کے پاک سعودی دوستی اور باہمی اتحاد کا ثبوت دیا۔
تقریب میں پاکستان انویسٹر فورم کے صدر چوہدری شفقت محمود دھول، سابق مشیر وزیراعلی پنجاب چوہدری اظہر عباس وڑائچ سمیت سیاسی و سماجی حلقوں اور میڈیا سے وابستہ نمائندوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ شرکا نے وطن عزیز کی تعمیر و ترقی اور سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میزبان چوہدری اکرم گجر اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا:
“وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پاکستان عازمینِ حج و عمرہ کو بہترین ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کا جوش و جذبہ اور محبت قابلِ ستائش ہے، جو دیارِ غیر میں پاکستان کا حقیقی چہرہ ہیں۔”
انہوں نے کمیونٹی قائدین پر زور دیا کہ وہ حج انتظامات کو مزید شفاف اور بہتر بنانے کے لیے اپنی قیمتی تجاویز دیں تاکہ مستقبل میں زائرین کے لیے مزید آسانیاں پیدا کی جا سکیں۔مسلم لیگ ن سعودی عرب کے چیئرمین چوہدری اکرم گجر نے معزز مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات ایمان کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے وزارتِ مذہبی امور کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سردار محمد یوسف کی قیادت میں حاجیوں کے لیے کیے گئے اقدامات تاریخی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سمندر پار پاکستانی ہمیشہ اپنے وطن کی خدمت کے لیے صفِ اول میں رہیں گے۔
تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، استحکامِ پاکستان اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ تمام شرکا نے حکومتِ پاکستان کی عوامی پالیسیوں پر اور افواج پاکستان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
