اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے آج رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہو رہا ہے۔ عید کا چاند دیکھنے کیلیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا، اجلاس کی صدارت مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی شہادتوں کے جائزے کے بعد عیدالفطر کیچاند نظر آنے یا نہ آنیکا اعلان کرے گی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا جہاں عید جمعہ کو منائی جائے گی تاہم افغانستان میں آج عید الفطر منائی جارہی ہے۔ ملک بھر میں ماہ شوال 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اہم اجلاس بھی آج ہوں گے۔لاہور میں صوبائی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ایوان اوقاف بلڈنگ میں منعقد ہوگا، جس میں مذہبی امور کمیٹی کے اراکین، محکمہ موسمیات اور اوقاف کے افسران شرکت کریں گے۔ اجلاس میں شوال کے چاند کی رویت کے حوالے سے جائزہ لیا جائے گا۔
دوسری جانب کوئٹہ میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں ہوگا، کراچی میں شوال کا چاند دیکھنے کے لئے زونل کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات کی عمارت میں ہوگا، اجلاس کی صدارت علامہ حافظ محمد سلفی کریں گے۔ پشاور زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اوقاف ہال پشاور میں جاری ہے، اجلاس میں زونل کمیٹی کے ارکان شریک ہیں۔
زونل کمیٹی اجلاس میں رویت ہلال سے متعلق شہادتیں موصول کی جائینگی، اجلاس میں شیخ الحدیث مولانا احسان الحق، محمد طیب قریشی ،مفتی عتیق اللہ ،مولانا عبد البصیر مدنی، مولانا محمد علی شاہ، علامہ عابد حسین شاکری شریک ہیں۔پشاور: میٹ ڈیپارٹمنٹ اور ایڈمنسٹریٹر اوقاف ڈاکٹر محسن حبیب بھی شریک ہیں
اجلاس میں زونل کمیٹی کے ارکان، ڈائریکٹر نیشنل سونامی سینٹر امیر حیدر لغاری اور محکمہ موسمیات سے دیگر افسران شرکت کریں گے، اجلاس بعد نماز عصر شروع ہوگا۔اس حوالے سے سپارکو کی ایک اور پیشگوئی سامنے آئی ہے۔ ڈویژنل ہیڈ آسٹروفزکس سپارکو غلام مصطفی لغاری نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ نیا چاند جمعرات 19 مارچ 2026 کو صبح 6 بج کر 23 منٹ پر پیدا ہو چکی ہے۔
سپارکو ڈویژنل ہیڈ نے بتایا کہ آج غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریبا 12 گھنٹے 41 منٹ ہوگی جب کہ پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب مہتاب کے درمیان تقریبا 28 منٹ کا وقفہ متوقع ہے۔اس کے علاوہ ذرائع محکمہ موسمیات نے کہا کہ 29 رمضان المبارک کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 13 گھنٹوں سے کم ہوگی، جبکہ رویت کے لیے کم از کم 19 گھنٹے درکار ہیں۔
ذرائع محکمہ موسمیات نے کہا کہ غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان فرق کراچی میں 26 منٹ اور پشاور میں 30 منٹ ہوگا جبکہ رویت کے لیے کم از کم 40 منٹ درکار ہیں۔گزشتہ ہفتے پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے پیش گوئی کی تھی کہ عید الفطر 21 مارچ (ہفتہ) کو ہونے کی توقع ہے کیونکہ 19 مارچ (جمعہ) کو شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔اس سے قبل پاکستان کے محکمہ موسمیات نے بھی پیش گوئی کی تھی کہ اس سال رمضان 30 دن تک جاری رہنے کا امکان ہے کیونکہ شوال کا چاند 19 مارچ کو نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والے ان اجلاسوں کے بعد ہی عیدالفطر کے حوالے سے حتمی اعلان کیا جائے گا۔
